May ۲۷, ۲۰۱۷ ۱۴:۵۲ Asia/Tehran
  • ایران کے صدر اور اسپیکر کی جانب سے اسلامی ممالک کے سربراہوں اور اسپیکروں کو مبارکباد کے پیغامات

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر اور پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اپنے الگ الگ پیغامات میں اسلامی ممالک کے سربراہوں اور پارلیمانی اسپیکروں کو ماہ رمضان المبارک کی مبارکباد پیش کی ہے

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اسلامی ممالک کے سربراہوں کے نام اپنے الگ الگ پیغامات میں ماہ مبارک رمضان کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان سے کہا کہ وہ اسلاموفوبیا اور اسلام دشمنی کے میدان میں دشمنوں کی جانب سے جھوٹا بحران کھڑا کئے جانے کا مقابلہ کریں - صدر حسن روحانی کے پیغام مبارکباد کے ایک حصے میں آیا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ تمام اسلامی ملکوں کے سربراہوں ، مفکرین اور علماء کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس ماہ رحمت و مغفرت میں قول و فعل کے ذریعے دین اسلام کے اعلی اہداف و مقاصد کی ترویج و تبلیغ کریں اور اس دین رحمت کی روشن و نورانی تصویر پیش کر کے اسلام دشمنی اور اسلاموفوبیا پھیلانے کے سلسلے میں اسلام دشمنوں کی جانب سے جھوٹا اور غلط بحران کھڑا کئے جانے کی کوششوں کا مقابلہ کریں - اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے امید ظاہر کی کہ عظمتوں اور برکتوں والے اس مہینے میں تمام مسلمانوں پر اللہ تعالی کی جانب سے وسیع خیر و برکت سایہ فگن ہے اور وہ اللہ تعالی کی ذات اقدس سے مدد طلب کرتے ہوئے اور باہمی تعاون ، ہمدلی اور یکجہتی کے ذریعے پہلے سے زیادہ امن و امان کے استحکام اور تمام مسلمانوں میں بہتر مستقبل کی امید پیدا کرنے کی کوشش کریں گے- صدر حسن روحانی نے اپنے پیغام کے آخر میں اللہ تعالی سے تمام مسلمانوں اور اسلامی ممالک کے سربراہوں کے لئے نماز و روزہ کی قبولیت اور سلامتی و سعادت کی آرزو کی - ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے بھی اپنے ایک پیغام میں تمام اسلامی ممالک کے اسپیکروں کو مبارک باد پیش کی ہے- ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر علی لاریجانی نے اسلامی ممالک کی پارلیمانوں کے اسپیکروں کے نام اپنے پیغام مبارکباد میں کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی تکفیری دہشت گردی اور انتہاپسندی کے با‏عث پیدا ہونے والے عالم اسلام کے موجودہ افسوسناک اور مشکل حالات سے عبور کے لئے اسلامی ممالک کی جانب سے متحد و منظم روش اختیار کرنے کی ضرورت ہے - ڈاکٹر علی لاریجانی نے اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کی جانب سے دہشت گردی کے مقابلے کے لئے ہر طرح کے تعمیری اشتراک عمل اور مذاکرات کے لئے آمادگی کا اعلان کیا-