May ۲۹, ۲۰۱۷ ۱۵:۱۴ Asia/Tehran
  • اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کے مقابلے میں استقامت جاری رکھے جانے پر ایران کی تاکید

اسلامی جمہوریہ ایران نے صیہونی حکومت کے غاصبانہ قبضے کے مقابلے میں استقامت کا سلسلہ جاری رکھے جانے کی ضرورت پر تاکید کی ہے -

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے پیر کے روز ایک پریس کانفرنس میں دیوار گریہ یا دیوار ندبہ کے اطراف میں اسرائیل کی کابینہ کے پہلے اجلاس کی تشکیل اور اس سلسلے میں اسلامی ملکوں کی جانب سے ردعمل کا اظہار کئے جانے کی ضرورت پر فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے مطالبے کے بارے میں تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے غاصبانہ قبضے کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کا موقف ہرگز ناقابل تبدیل ہے اور جب تک غاصبانہ قبضہ جاری ہے مزاحمت و استقامت کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے امریکی صدر ٹرمپ کے دورہ ریاض اور ایران کے خلاف بے بنیاد دعوؤں کا اعادہ کئے جانے کے بارے میں کہا کہ ٹرمپ کی جانب سے ایک ایسے ملک کا دورہ جو تشدد و بدامنی و دہشت گردی کا گہوارہ و پشتپناہ ہے، دہشت گردی کے خلاف مہم کے بارے میں ان کے دعوؤں کے جھوٹا ہونے کو ثابت کرتا ہے۔بہرام قاسمی نے شام کی تبدیلیوں اور قومی آشتی کے منصوبے پر عمل درآمد کے بارے میں کہا کہ آستانہ مذاکرات کے دائرے میں ایران، روس اور ترکی کے درمیان سہ فریقی گفتگو کا سلسلہ جاری ہے اور اگر فائر بندی کی فوجی نگرانی کی ضرورت محسوس ہوئی اور حالات سازگار ہوئے تو مفاہمت کی صورت میں ایران اپنے فوجی، شام روانہ کرنے کے لئے آمادہ ہے۔انھوں نے ریاض اجلاس کے بعد ایران کی طرف قطر کے ممکنہ رجحان سے متعلق بھی کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے پڑوسی ملکوں کے ساتھ ہمیشہ پیار و محبت اور دوستی کی زبان میں گفتگو کرنے کی کوشش کی ہے۔ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بحرین کے نامور عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے خلاف آل خلیفہ حکومت کے جارحانہ اقدامات کے بارے میں کہا کہ اس ملک کی صورت حال اگر یونہی جاری رہی تو سرانجام بحرینی عوام کے صبر و ضبط کا پیمانہ لبریز ہوجائےگابہرام قاسمی نے تاکید کے ساتھ کہا کہ بحرین میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ قابل سرزنش و مذمت ہے اور حکومت بحرین کو صلاح دی جاتی ہے کہ وہ صبر و تحمل سے کام لے اور اپنے ملک کے شہریوں کے عقائد کا احترام کرے۔