May ۳۰, ۲۰۱۷ ۱۷:۰۳ Asia/Tehran
  • ایران کی جانب سے عراق میں دہشت گردانہ بم دھماکے کی مذمت

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے عراق کے دارالحکومت بغداد میں ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماہ مبارک رمضان میں اس قسم کے واقعات مسلمانوں اور حقیقی اسلام سے تکفیری دہشت گردوں کی عداوت و دشمنی کو بخوبی ثابت کرتے ہیں۔

عراقی ذرائع کے مطابق بغداد کے الکرادہ کے پرہجوم علاقے میں پیر کی شام ہونے والے کار بم دھماکے میں پندرہ افراد جاں بحق اور پچپن دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے منگل کو ایک بیان میں اس دردناک واقعے پر عراق کی حکومت، قوم اور اس سانحے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردانہ حملے اور بم دھماکے عراق میں شرمناک شکست پر پردہ ڈالنے کے لئے دہشت گردوں کی ناکام کوشش ہے۔

بہرام قاسمی نے موصل میں عراقی فوج اور عوامی رضاکاروں کو حاصل ہونے والی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عراق میں دہشت گردی پر مکمل فتح بہت قریب ہے۔

واضح رہے کہ عراق میں موصل کے علاقے میں دہشت گردوں کے گڑھ میں بھی عراقی فوج اور عوامی رضاکاروں کو حاصل ہونے والی کامیابیوں کے بعد دہشت گرد عناصر عراق کے مختلف علاقوں میں دہشت گردانہ حملے اور بم دھماکے کر رہے ہیں۔

 

ٹیگس