Jun ۰۷, ۲۰۱۷ ۱۳:۰۱ Asia/Tehran
  • پارلیمنٹ اورامام خمینی(رح) کے حرم میں دہشتگردی، 2 افراد شہید

ایران کی پارلیمنٹ(مجلس شورائے اسلامی) اورحضرت امام خمینی(رح) کے حرم مطہر میں آج صبح ہونے والے دہشتگردانہ حملوں میں دو افراد شہید اور متعدد دیگر زخمی ہوئے۔

مسلح دہشتگردوں نے آج صبح ایران کی پارلیمنٹ(مجلس شورای اسلامی) میں داخل ہوکر سکیورٹی پر مامور افراد کی جانب فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک سکیورٹی اہلکار شہید اور چند دیگر زخمی ہوئے۔ حملہ آور دہشتگرد کلاشنکوف اور پستول سے لیس تھے۔

فائرنگ کے واقعہ میں ایک دہشتگرد کو گرفتار کر لیا گیا اور دوسرے دہشتگردوں کی گرفتاری کے لئے پارلیمنٹ سے باہر کی سڑکوں پر سرچ آپریشن جاری ہے۔ دہشتگردی کے اس واقعہ کے بعد پارلیمنٹ کے دروازے بند کر دیئے گئے ہیں۔

دوسری جانب چار مسلح دہشتگردوں نے آج صبح دارالحکومت تہران میں بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کے حرم مطہرمیں داخل ہوتے ہی فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص شہید اور چار افراد زخمی ہوئے ۔

فائرنگ کے اس واقعہ میں ایک  خود کش دہشتگرد نے بارودی مواد سے دھماکہ کیا اور دوسرا دہشتگرد سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے ہلاک ہوا جبکہ ایک دہشتگرد عورت کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیاہے۔

حضرت امام خمینی (رح) کے حرم مطہر سے ایک دہشتگرد کے باہر نکلنے کے ساتھ ہی  فائرنگ کا سلسلہ حرم سے باہر شروع ہوا ۔

ایران کے وزیر داخلہ رحمانی فضلی نے سکیورٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔

 

ٹیگس