Jun ۰۹, ۲۰۱۷ ۱۵:۳۷ Asia/Tehran
  • تہران دہشت گردانہ حملے سعودی کوششوں کا نتیجہ

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ تہران کے دہشت گردانہ حملے داعش کے نظریات اور افکار کو برآمد کرنے کے تعلق سے سعودی عرب کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔

اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب غلام علی خوشرو نے کہا ہے کہ تہران کے دہشت گردانہ حملے جن میں سترہ بے گناہ ایرانی شہری شہید اور درجنوں دیگر زخمی ہوئے ہیں داعش اور القاعدہ کے تکفیری نظریات کو برآمد اور ان کی ترویج کے تعلق سے سعودی عرب کی کوششوں کا نتیجہ ہیں۔

انہوں نے سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کے نام ایک احتجاجی مراسلے میں لکھا کہ سعودی عرب کی غیر ذمہ دارانہ، اشتعال انگیز اور مخاصمانہ پالیسیاں اقوام متحدہ کے مقاصد اور منشور سے پوری تضاد رکھتی ہیں۔

اقوام متحدہ میں ایرانی مندوب نے اپنے پہلے والے خط کا حوالہ دیتے ہوئے جس میں سعودی عرب کے اقدامات کو کھل کربیان کیا گیا تھا کہا کہ تہران میں دہشت گردانہ حملے سعودی وزیر جنگ کے اس بیان کے بعد ہوئے جب دو مئی کو انہوں نے ایران کے ساتھ مذاکرات کو مسترد کرتے ہوئے کھلی دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی عرب جنگ کا دائرہ ایران کے اندر لے جانے کی کوشش کررہا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی وزیرجنگ کے اس بیان کے بعد ایرانی مندوب نے چار مئی کو ہی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے چیئر مین کے نام اپنے احتجاجی مراسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف سعودی وزیرجنگ محمد بن سلمان کے مخاصمانہ اور دشمنانہ بیان کو ایران کے خلاف کھلی دھمکی قراردیا تھا اور کہا تھا کہ یہ بیان اقوام متحدہ کے منشور کی شق نمبر دو کی خلاف ورزی ہے۔

ایرانی مندوب نے اس خط میں کہا تھا کہ یہ دھمکی ایک ایسی حکومت کی طرف سے دی جا رہی ہے جو علاقے اور علاقے سے باہر اپنے تنگ نظرانہ مقاصد اور خطرناک جاہ طلبیوں تک پہنچنے کے لئے جارحیت اور دہشت گرد گروہوں کی حمایت کرنے کے تعلق سے ایک طویل ریکارڈ رکھتی ہے۔

یاد رہے کہ سعودی وزیرجنگ محمد بن سلمان نے ریاض کے حمایت یافتہ دہشت گردگروہوں منجملہ داعش کی مسلسل شکست اور ناکامیوں کے بعد گذشتہ دو مئی کو اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اپنے دشمنانہ بیان میں کہا تھا کہ سعودی عرب جنگ کا دائرہ ایران کے اندر لے جائے گا۔

سعودی عرب کے حکام منجملہ سعودی وزیرجنگ محمد بن سلمان کے اس قسم کے بیانات کے بعد ہی گذشتہ بدھ کو داعش کے دہشت گردوں نے تہران میں امام خمینی رحمت اللہ علیہ کے مزار اور پارلیمنٹ کی عمارت کے اندر حملے کرکے سترہ بے گناہ روزہ دار شہریوں کو شہید اور درجنوں دیگر کو زخمی کردیا۔

ٹیگس