Jun ۱۴, ۲۰۱۷ ۱۷:۴۳ Asia/Tehran
  • پابندیاں اور دھمکیاں عرب ممالک کے مسائل کا حل نہیں: جواد ظریف

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ محاصرہ، پابندیاں، دھمکیاں اورتادیبی اقدامات عرب ممالک کے بحران کے حل میں نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوں گی۔

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے قطر کے الجزیرہ ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ خلیج فارس کے ممالک کے مسائل کے حل کا راستہ، محاصرہ، پابندیاں اور تادیبی اقدامات نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کا خیال ہے کہ خلیج فارس کے تمام ممالک اور دیگر ممالک کو یہ پیغام دینا چاہئے کہ اب مسائل و اختلافات کی کوئی جگہ نہیں ہے اور ممالک کے درمیان اختلافات کو دباؤ، دھمکیوں اور تادیبی کارروائيوں سے حل نہیں کیا جا سکتا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ مسائل کا واحد حل مذاکرات، صلاح و مشورہ اور مجموعی طور پر دوستانہ کوششیں ہیں۔
جواد ظریف نے کہا کہ آج دنیا کے تمام مسائل کا حل موجود ہے اور اگر دوسروں کو نقصان پہنچا کر فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جائے گی تو سب کو نقصان پہنچےگا۔
انہوں نے کہا کہ ایران اپنے تمام پڑوسیوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ موجودہ مسائل کے باوجود اختلافات کے حل کے لئے مذاکرات کی میز پر آئیں اور دوسرے کو میدان سے باہر کرنے کی کوشش نہ کریں۔
ایران کے وزیر خارجہ نے تاکید کے ساتھ کہا کہ محاصرے، پابندیوں، دھمکیوں اور تادییبی کارروائيوں سے قوموں کا عزم ٹوٹنے کے بجائے مزید مضبوط ہوگا۔

ٹیگس