Jun ۲۰, ۲۰۱۷ ۱۲:۳۷ Asia/Tehran
  • داعش کے لئے ایک ہی میزائل کافی

دہشتگرد تکفیری گروہ داعش کے پچاس دہشتگرد میزائلی حملے میں ہلاک ہوئے ہیں۔

زمینی حقایق اور موصولہ رپورٹوں کے مطابق سپاه پاسداران انقلاب اسلامی کی جانب سے شام کے علاقے دیرالزور میں دہشتگرد تکفیری گروہ داعش کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں 50 سے زائد داعش کے دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

العالم کی رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں میں سے 6 کا تعلق لیبیا سے ہے جبکہ اس میزائلی حملے میں داعش کے کئی سرکردہ دہشتگرد من جملہ ابوعاصم اللیبی اور عبدالقادرالفرانی جو ابوحارث کے نام سے مشہور ہے ہلاک ہوئے ہیں۔ ابھی تک مزید 5 میزائلوں سے ہونے والی ہلاکتوں  اور نقصانات کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔

واضح رہے کہ سپاہ پاسداران اسلامی انقلاب  کی جانب سے ایران سے داغے جانے والے چھے میزائل، عراق کی فضا سے گذر کر شام میں دیرالزور کے علاقے میں دہشتگردوں کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر پر ٹھیک اپنے نشانے پر لگے ۔

ایران کے دارالحکومت تہران میں داعش دہشت گرد عناصر کے دہشت گردانہ حملوں کے بارہ روز کے بعد کہ جن میں اٹھارہ افراد شہید اور باون دیگر زخمی ہو گئے تھے، سپاہ پاسداران اسلامی انقلاب نے ایران کی فوجی طاقت و توانائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تہران میں دہشت گردوں کے جرائم کا دنداں شکن جواب دیا۔

شام کے علاقے دیرالزور میں دہشت گردوں کے ہیڈکوارٹر پر ایران کا کامیاب میزائل حملہ، اس بات کی بھی نشاندہی کرتا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران دہشت گردی کے خلاف مہم میں مکمل سے سنجیدہ ہے اور اس حملے نے اس مہم میں ایک نئے مرحلے کا آغاز کر دیا ہے۔

ایران کی جانب سے کئے جانے والے اس میزائل حملے کے جائزے میں قابل غور بات یہ ہے کہ یہ حملہ، شام کی قانونی حکومت کی اجازت سے اور بین الاقوامی قوانین کے دائرے میں کیا گیا ہے۔

 

ٹیگس