Jun ۲۳, ۲۰۱۷ ۱۱:۱۱ Asia/Tehran
  • عالمی یوم قدس، ایران کے روزہ دارعوام سڑکوں پر

آج 23 جون اور ماہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ یعنی جمعۃ الوداع کے عنوان سے عالمی یوم القدس کے موقع پر کروڑوں ایرانی عوام تہران سمیت مختلف شہروں میں مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں ریلیوں میں شرکت کرکے مسجدالاقصی اور مقبوضہ فلسطین پر ناجائز صیہونی ریاست کی جارحیت اور غیر قانونی قبضے کی پُر زور مذمت کر رہے ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے مختلف صوبے، شہروں، اضلاع اور علاقوں سمیت دارالحکومت تہران میں مختلف ریلیوں کا اہتمام کیا گیا اوراسلامی انقلاب کے عظیم بانی حضرت امام خمینی (رح) کو ماہ رمضان کے آخری جمعے کو عالمی یوم القدس قرار دینے پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے حضرت امام خمینی (رح) کے مقاصد اور مظلوم فلسطینی قوم سے وفاداری کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

تہران میں واقع مختلف مسجدوں اور امام بارگاہوں سے یوم القدس کی ریلیوں کا آغاز ہوا جو تہران یونیورسٹی میں نماز جمعہ سے قبل اختتام پذیر ہوگا۔

ان ریلیوں کا آغاز صبح 10 بجے ہوا جس کے دوران ایرانی قوم نے اسرائیل مردہ باد، ناجائز صیہونی ریاست مردہ باد اور ھیھات منا الذلہ کے نعرے لگا رہے ہیں۔

ایران کے بہادرعوام نے آج قدس ریلیوں میں بھرپور انداز میں شرکت کر کے یہ پیغام دیا کہ وہ صرف  اپنے قائد اور رہبرحضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے حکم پرلبیک کہتے ہیں اور اسلامی انقلاب کے خلاف کسی بھی سازش کو اپنے اتحاد سے شکست سے دوچار کردیں گے۔

دارالحکومت تہران کی قدس ریلی میں صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی سمیت عدلیہ کے سربراہ، اسپیکر، کابینہ کے وزرا، اعلی حکومتی اور عسکری حکام بھی شریک ہیں اورایرانی قوم کے شانہ بشانہ فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں۔

القدس ریلی کی کوریج کے لئے چار ہزار ملکی اور غیرملکی صحافی اور نامہ نگار اس موقع پر موجود ہیں۔

اس سال عالمی یوم القدس کے موقع پر ایرانی دارالحکومت تہران اور ملک کے تمام شہروں سمیت 900 شہروں اور 85 ممالک میں خصوصی تقریبات اور ریلیاں منعقد کی جا رہی ہیں۔

واضح رہے کہ حضرت امام خمینی (رح) نے 7 اگست 1979 میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد اپنے ایک تاریخی بیان میں رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو عالمی یوم القدس کے طور پر منانے کا اعلان کیا تھا۔

عالمی یوم القدس دنیا کے مسلمانوں کی جانب سے مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کا دن ہے، یہ وہ دن ہے جس میں مسلمان، ناجائز صیہونی ریاست کے انسانیت سوز جرائم کی مذمت کرتے ہیں۔

بیت المقدس، مسلمانوں کا قبلہ اول اور دوسری مقدس مسجد، فلسطینیوں کی حقیقی سرزمین ہے جس پر صیہونیوں نے عالمی سامراجی طاقتوں کی مدد سے 1948 ناجائز قبضہ جمایا اور اب تک ہزاروں فلسطینیوں کو شہید اور لاکھوں زخمی کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ اب بھی صیہونی جیلوں میں ہزاروں فلسطینی بالخصوص خواتین اور بچے اسیر ہیں۔

ٹیگس