Jun ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۸:۲۹ Asia/Tehran
  •  دہشت گردی میں امریکہ اور بعض عرب ممالک کا کردار نمایاں

ایران کی خارجہ تعلقات کی اسٹریٹیجک کونسل کے چیئرمین نے کہا ہے کہ علاقے اور دنیا میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی و بدامنی میں امریکہ اور بعض عرب ملکوں کا کردار مکمل نمایاں ہے۔

ایران کی خارجہ تعلقات کی اسٹریٹیجک کونسل کے چیئرمین کمال خرازی نے اتوار کے روز بیجنگ میں منعقدہ چھٹی عالمی امن کانفرنس کے موقع پر ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ مشرق وسطی کے علاقے میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کی وجہ، علاقے کے بعض ملکوں کی حکومتوں کی جانب سے جمہوریت مخالف پالیسیوں کا اختیار کیا جانا ہے۔
انھوں نے تکفیری افکار و نظریات کو دہشت گردی کا سرچشمہ قرار دیا اور تاکید کے ساتھ کہا کہ عراق و شام میں دہشت گرد گروہوں منجملہ داعش کی وحشیانہ جارحیت کا اسلامی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں، بلکہ اس قسم کے انتہا پسندانہ افکار میں سعودی عرب کی آل سعود حکومت کی پالیسیاں کارفرما ہیں۔
کمال خرازی نے علاقے کے بعض ملکوں منجملہ یمن کے داخلی امور میں امریکہ اور سعودی عرب کی مداخلت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یمن کے خلاف جنگ میں سعودی حکومت کی شمولیت اور یمنی عوام کے خلاف قائم شدہ اتحاد کا کوئی جواز پیش نہیں کیا جاسکتا اور بے گناہ عوام پر بمباری کر کے کسی بھی ملک کی کوئی مشکل اور مسئلہ حل نہیں کیاجاسکتا۔
واضح رہے کہ بیجنگ میں منعقدہ عالمی امن کانفرنس اتوار کو ختم ہو گئی۔

ٹیگس