Jun ۲۷, ۲۰۱۷ ۱۱:۱۲ Asia/Tehran
  • جوہری معاہدہ ایرانی عوام کی استقامت کا مظہر

محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایرانی عوام نے جوہری معاہدے کے نتائج کو منطقی انجام تک پہنچایا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے گزشتہ رات جرمنی کے دارالحکومت برلن میں ایرانی شہریوں کے ایک اجتماع میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم نے 6 عالمی طاقتوں کو مذاکرات کی میز پر لا کر جوہری معاہدے کے نتائج کو منطقی انجام تک پہنچایا ہے.

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم نے ہمیشہ مزاحمت اور صبر کا مظاہرہ کیا اور 8 سالہ دفاع مقدس اور جوہری مذاکرات عوام کی حمایت کی ہی مرہون منت ہے۔

 محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایرانی قوم نے 19 مئی کے انتخابات میں بھی اپنی شرکت کو تاریخی بنا کر یہ ثابت کردیا کہ چاہے کسی بھی طرح کی صورتحال کا سامنا ہو مگر عوام اور حکمرانوں کے درمیان ہرگز فاصلہ نہیں آئے گا.

ایران کے وزیر خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ اسلامی جمہوریہ کے مقدس نظام اور ایرانی عوام کی بھرپور حمایت کی بدولت آج خطے میں بگڑتی صورتحال کے باوجود ایران میں مثالی امن و استحکام برقرار ہے.

انہوں نے کہا کہ جیسا کے رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے عیدالفطر کے خطبوں میں فرمایا، اب وقت آگیا ہے کہ حکومت فوری طور پر اقدامات اٹھائے اورعوامی مطالبات پر کام کرے.

سپریم لیڈر کی جانب سے رواں ایرانی سال کو مزاحمتی اقتصاد، قومی پیداوار اور روزگار کا سال قرار دینے کا ذکر کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ قومی پیداوار اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع میں اضافہ، حکومت کی پہلی ترجیح ہے.

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور یورپ کے درمیان بالخصوص جرمنی کے ساتھ اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لئے اچھی فضا قائم ہوگئی ہے ۔

 

ٹیگس