Jul ۰۵, ۲۰۱۷ ۱۱:۰۸ Asia/Tehran
  • کشمیر کے بارے میں رہبرانقلاب اسلامی کے بیان کا پاکستانی ذرائع ابلاغ میں انعکاس

کشمیر کے عوام کی حمایت میں رہبرانقلاب اسلامی کے بیان کاپاکستانی ذرائع ابلاغ میں وسیع پیمانے پر انعکاس ہوا ہے۔

رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے پیر کے دن عدلیہ کے سربراہ اور دیگر عدالتی شخصیات اور اسی طرح نمازعید الفطر کے خطبوں میں کشمیر کے مظلوم عوام کی حمایت پر مبنی خطاب کا پاکستان کے ذرائع ابلاغ میں وسیع پیمانے پر انعکاس ہوا ہے۔

پاکستان سے شائع ہونے والے انگریزی اخبار ڈاون نے اپنی کل کی اشاعت میں لکھا کہ رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے پیر کے دن فرمایا کہ ایران کی عدلیہ کو کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت کرنی چاہئیے۔

جبکہ اردو میں شائع ہونے والے روزنامہ ڈاون نے اپنی آج کی اشاعت میں لکھا کہ ایران کے سپریم لیڈر حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اپنے ملک کی عدلیہ پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت کرے۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے عدلیہ پر زور دیا کہ قانونی اور انسانی حقوق کے معاملات کی سختی سے حمایت یا مخالفت کرے، تاکہ پوری دنیا کو اپنے موقف سے آگاہ کیا جاسکے۔

عدالتی نظام سے تعلق رکھنے والے سربراہان اور عہدیداران سے ملاقات کے موقع پر ایران کے سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ عدلیہ کو نائیجیریا کے شیعہ عالم شیخ زکزاکی کی بھی حمایت کرنی چاہیے، جنھیں حکومت نے حراست میں لے رکھا ہے۔

اس سے قبل آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے عید الفطر کے خطبے کے دوران مسلم دنیا پر بحرین، یمن اور کشمیر کے مظلوم عوام کی حمایت پر زور دیا تھا۔

پاکستان سے شائع ہونے والے ایک اوراخبارایکسپریس نے کچھ یوں رہبر انقلاب اسلامی کے بیان کی شہ سرخی لگائی ہے:

ایران کے رہبر اعلیٰ  سید علی خامنہ ای ایک بار پھر کشمیریوں کی حمایت میں میدان میں آگئے اور ایرانی عدلیہ پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کی کھل کر حمایت کرے۔

ایران کے سپریم لیڈر نے حکومتی عہدیداروں اور عدالتی نظام سے تعلق رکھنے والے حکام سے ملاقات کے دوران فرمایا کہ یہ انتہائی اہم ہے کہ ایرانی عدلیہ کے عہدیدار بین الاقوامی قانونی معاملات کا بغور جائزہ لینے کے بعد اس پر تبصرے کریں۔

واضح رہے کہ پیر کی صبح اسلامی جمہوریہ ایران کی عدلیہ کے سربراہ اور حکام نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔ اس موقع پر رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے خطاب میں بین الاقوامی مسائل میں قانونی طریقے سے مداخلت اور پیروی کئے جانے کی ضرورت پر تاکید فرمائی۔

آپ نے تاکید کے ساتھ فرمایا کہ  عدلیہ کو چاہئے کہ ایران کے خلاف پابندیوں، امریکہ کی جانب سے ایران کے اثاثے ضبط کئے جانے، دہشت گردی، اور اسی طرح نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے سربراہ شیخ ابراہیم زکزاکی جیسی دنیا کی مظلوم شخصیات کی حمایت، نیز میانمار اور کشمیر کے مسلمانوں کی حمایت کے مسئلے میں قانونی نقطہ نظر سے داخل ہو اور اپنی حمایت و مخالفت کا ٹھوس طریقے سے اعلان کرے تاکہ دنیا میں اس کا انعکاس ہو سکے۔

 

ٹیگس