Jul ۰۵, ۲۰۱۷ ۲۰:۵۸ Asia/Tehran
  • میزائل پروگرام کی ترقی دشمن کے منہ پر طمانچہ ہے، رہبر انقلاب اسلامی

رہبر انقلاب اسلامی نے میزائل ٹیکنالوجی کے میدان میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کوششوں کی قدر دانی کی ہے۔

 رہبر انقلاب اسلامی نے اٹھارہ جون کو شام کے صوبے دیرالزور میں داعشی دہشت گردوں کے ٹھکانے پر حملے کے بعد سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے بعض کمانڈروں کے ساتھ ملاقات میں اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے فرمایا تھا کہ آپ نے بہترین کام انجام دیا ہے اور خداوند متعال سے آپ کی اس عبادت کے قبول ہونے کی دعا کرتا ہوں۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ دشمن میزائل پروگرام پر حساسیت کا مظاہرہ کر رہا ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ آپ کا کام کتنا اہم ہے، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی پر زور دیا تھا کہ میزائل پروگرام پر زیادہ سے زیادہ کام کریں اور دشمن کے منہ پر طمانچہ رسید کرتے رہیں۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈروں نے اس ملاقات میں شام میں داعش کے ٹھکانوں پر کامیاب حملے کی رپورٹ رہبر انقلاب اسلامی کے خدمت میں پیش کی تھی۔

رپورٹ میں یہ بات زور دے کر کہی گئی تھی کہ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پرانجام پانے والے اس حملے میں صرف اور صرف دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے اور کسی بھی عام شہری کو اس میں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اٹھارہ جون کو شام میں سرگرم تکفیری دہشت گردوں کے متعدد مراکز کو زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائلوں سے نشانہ بنایا تھا۔
اس حملے میں ایک سو ستر سے زیادہ تکفیری دہشت گرد مارے گئے تھے جن میں دہشت گردوں کے متعدد سرغنہ بھی شامل تھے۔

ٹیگس