Jul ۱۱, ۲۰۱۷ ۱۲:۳۰ Asia/Tehran
  • ایران انسداد منشیات اور دہشتگردی کی جنگ میں فرنٹ لائن پر

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ تہران انسداد منشیات اور دہشتگردی کی جنگ میں فرنٹ لائن کا کردار ادا کر رہا ہے۔

نائب ایرانی وزیر خارجہ برائے قانونی اور بین الاقوامی امور سید عباس عراقچی نے گزشتہ روز ایران کے دورے پر آئے ہوئے بین الاقوامی پولیس برائے انسداد جرائم، انٹرپول کے سیکرٹری جنرل یورگن اسٹوک کے ساتھ ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج اسلامی جمہوریہ ایران دہشتگردی اور منشیات جو دنیا کے لئے دو اہم چیلنج ہیں، کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہے.

اس موقع پر انہوں نے ایران اورانٹرپول کے درمیان دیرینہ تعلقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی وزارت خارجہ انٹرپول کے ساتھ باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لئے تیار ہے.

سید عباس عراقچی نے کہا کہ ایران منشیات کی اسمگلنگ اور دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے پیش قدم ہے اوریہ دو عالمی مسائل نہ صرف ایران بلکہ تمام علاقائی ممالک اور دنیا کے لئے  بڑے خطرہ ہیں اور اس کے ساتھ مقابلہ کرنے کے لئے عالمی تعاون ناگزیر ہے.

یورگن اسٹوک نے اسلامی جمہوریہ ایران اور انٹرپول کے درمیان اچھے تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران بین الاقوامی جرائم سے مقابلے کرنے میں اہم کردار ادا کررہا ہے اور ہم اس ملک کے قابل قدر تجربات سے استفادہ کر رہے ہیں.

دوسری جانب انٹرپول کے سیکریٹری جنرل یورگن اسٹوک نے تہران میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہزار صفحات پر مشتمل ایک فہرست دہشت گردی کے خلاف قائم کالکان ورکنگ گروپ کو پیش کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس فہرست میں ان لوگوں کے نام شامل ہیں جو دنیا بھر سے دہشت گرد تنظیموں میں شامل ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج عالمی برداری کو عالمی خطرات اور سائبر حملوں کا سامنا ہے اور کوئی بھی ملک تنہا ان خطرات کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔

یورگن اسٹوک نے انٹرپول کے رکن ملکوں پر زور دیا کہ وہ اپنی پولیس فورس کی صلاحیتوں اور طاقت میں اضافہ کریں۔

 

ٹیگس