Jul ۲۴, ۲۰۱۷ ۱۴:۲۸ Asia/Tehran
  • عالمی برادری غاصب صیہونی حکومت کے اقدامات کا نوٹس لے

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے مسجد الاقصی میں فسلطینیوں کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے دشمنانہ اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری کی جانب سے اس کا سخت نوٹس لئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے پیر کو ایک بیان میں فلسطینی سرزمین اور بیت المقدس پر غاصبانہ قبضے کو مسلم امۃ کا مشترکہ مسئلہ قرار دیا اور کہا کہ عالم اسلام، حساسیت اور تشویش کے ساتھ فلسطین کے حالات پر نظر رکھے ہوئے ہے-

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے صیہونی حکومت کی جانب سے فلسطینیوں کی سرکوبی کو بیت المقدس کو پوری طرح یہودیت کا رنگ دینے کے منصوبے کا حصہ قرار دیا اور کہا کہ عالم اسلام دہشت گردی کے خلاف جنگ اور سیاسی تنازعات کے باوجود مسجد الاقصی اور مقام معراج کے خلاف جارحیت کو ریڈ لائن سمجھتا ہے-

  لاریجانی نے تاکید کے ساتھ کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ ملت فلسطین کی اپنی سرزمین کی آزادی کی جائز کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور غاصب صیہونی حکومت کے انسانیت دشمن اقدامات کو روکنے کی غرض سے دنیا بھر کی پارلیمانوں خاص طور پر اسلامی ممالک کی پارلیمانوں اور بین الاقوامی اداروں اور تنظیموں کی مشترکہ ذمہ داری پر تاکید کرتی ہے-

ٹیگس