Jul ۲۴, ۲۰۱۷ ۱۵:۰۷ Asia/Tehran
  • فلسطینیوں کی حمایت کی ضرورت پر ایران کی تاکید

تقریب مذاہب اسلامی عالمی فورم کے سیکرٹری جنرل آیت اللہ محسن اراکی نے فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت کو مسلمانان عالم کا عقلی و شرعی فریضہ قرار دیا ہے۔

تقریب مذاہب اسلامی عالمی فورم کے سیکرٹری جنرل آیت اللہ محسن اراکی نے لندن میں مغرب میں اسلامو فوبیا کی سازش کے جائزہ اجلاس میں اس بات پر تاکید کی ہے کہ عالمی استکبار، انسانی اقدار کو تباہ اور انسانی برادری میں تفرقہ پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ تمام علاقائی و عالمی بحرانوں میں امریکہ اور اس کے شرکا کا کردار بخوبی نمایاں ہے۔ آیت اللہ محسن اراکی نے کہا کہ علمائے کرام اور مسلمان دانشوروں کو چاہئے کہ عالمی استکبار اور اس کے حامیوں خاص طور سے صیہونی حکومت کی سازشوں پر توجہ مرکوز رکھیں اور ان سازشوں سے کبھی غافل نہ ہوں۔

انھوں نے کہا کہ تمام مسلمانوں کا یہ عقلی و شرعی فریضہ ہے کہ وہ فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت کریں۔ آیت اللہ محسن اراکی نے عالمی استکبار کی طاقت کو زوال سے دوچار قرار دیا اور تاکید کے ساتھ کہا کہ مسلمان قوموں کی ذہانت و ہوشیاری کی بدولت اسلامی ملکوں کے خلاف امریکہ و غاصب صیہونی حکومت کی سازشیں ہرگز کامیاب نہیں ہو سکتیں۔

انھوں نے یمن پر سعودی عرب کی جارحیت کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا کہ سعودی عرب صیہونی حکومت کا مقابلہ کرنے کے بجائے یمن کے مظلوم عوام کا قتل عام کر رہا ہے۔

 

ٹیگس