Jul ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۱:۱۵ Asia/Tehran
  • ایران کی جانب سے لاہوردھماکے کی مذمت

ایران نے پاکستان کے شہرلاہور میں کل ہونے والے خودکش دھماکے کی مذمت کی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ  کے ترجمان بہرام قاسمی نے لاہور سانحے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستانی قوم اور حکومت کے ساتھ تعزیت اور جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔.

بہرام قاسمی نے  کہا کہ جبر، تشدد اور دہشتگردی انتہاپسند سوچ کی بنیادیں ہیں اور اس کا منطق اور امن پسند رویے سے کوئی تعلق نہیں۔

ایران کی وزارت خارجہ  کے ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ خطے اور دنیا میں بڑھتے ہوئے تشدد اور دہشتگردی کے خاتمے کے لئے دیانت داری کے ساتھ اقدامات کرنے ہوں گے اور اس مقصد کے لئے دوہرے معیار اور دہشتگردوں کو آلہ کار کے طور پر استعمال کئے جانے کا سلسلہ بند ہونا چاہئے

واضح رہے کہ کل پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ایک خودکش دھماکے کے نتیجے میں 26 افراد جاں بحق اور 58 زخمی ہوگئے۔ اس ہولناک دہشتگردی کی ذمہ داری بدنام زمانہ کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی ہے۔

ٹیگس