Jul ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۶:۱۴ Asia/Tehran
  • ایران کی جانب سے کابل اور لاھور دھماکوں کی مذمت

اسلامی جمہوریہ ایران نے لاہور اور کابل بم دھماکوں کی پرزور مذمت کی ہے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے پاکستان کے شہر لاہو اور افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہونے والے دہشت گردانہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان اور افغانستان کی قوموں اور حکومتوں کو تعزیت پیش کی اور جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ جبر، تشدد اور دہشتگردی انتہاپسندانہ سوچ کی بنیادیں ہیں اور اس کا منطق اور امن پسندانہ رویے سے کوئی تعلق نہیں۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نےاس بات پر زور دیا کہ خطے اور دنیا میں بڑھتے ہوئے تشدد اور دہشتگردی کے خاتمے کے لئے دیانت داری کے ساتھ اقدامات کرنے ہوں گے اور اس مقصد کے لئے دوہرے معیار اور دہشتگردوں کوآلہ کار کے طور پر استعمال کئے جانے کا سلسلہ بند ہونا چاہئے۔
پیر کو پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ایک خودکش دھماکے کے نتیجے میں چھبیس افراد جاں بحق اور اٹھاون دیگر زخمی ہوگئے جبکہ افغان دارالحکومت کابل میں ہونے والے دھماکے میں چھتیس افراد جاں بحق اور بیالیس زخمی ہوگئے تھے۔
لاہور میں ہونے والے دھماکےکی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی ہے۔