Aug ۰۱, ۲۰۱۷ ۱۸:۳۴ Asia/Tehran

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ وہ ایٹمی معاہدے کے تعلق سے امریکا کی وعدہ خلافیوں کا بھرپور عملی جواب دینے کے ساتھ ساتھ واشنگٹن کے خلاف شکایت بھی کرے گا

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے  اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ تہران ایٹمی معاہدے کی نگرانی والے مشترکہ کمیشن میں امریکا کی وعدہ خلافیوں کی شکایت کرے گا انہوں نے کہا کہ ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کے تعلق سے امریکا کی وعدہ خلافیاں سب پر واضح ہوچکی ہیں- پارلیمنٹ کے اسپیکر نے منگل کو قم میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران پوری قوت اور درایت کے ساتھ ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی کے تعلق سے امریکی مقاصد کی راہ میں حائل ہوگا اورتہران امریکا کے مقاصد کو پورا نہیں ہونے دے گا - ڈاکٹر لاریجانی نے کہا کہ بعض ملکوں نے بھی صراحت کے ساتھ کہا ہے کہ ایران مخالف امریکی اقدامات ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی ہیں - انہوں نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ امریکی حکام ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہا کہ ایران کے خلاف تازہ پابندیاں عائد کرنے پر مبنی امریکی کانگریس کا فیصلہ ایران میں سرمایہ کاری کے ماحول کو خراب کرنے کے لئے سامنے آیا ہے- واضح رہے کہ پیر کو صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کی صدارت میں ایٹمی معاہدے پر نگرانی کرنے والی ایرانی کمیٹی کے اجلاس میں اس بات پر زوردیا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران امریکی کانگریس کی ایران مخالف پابندیوں کے بل کا مناسب اور بھرپور جواب دے گا - دوسری جانب اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے بھی کہا ہے کہ تہران ایٹمی معاہدے پرعمل درآمد کے سلسلے میں امریکا کی وعدہ خلافیوں کا عملی اور قانونی جواب دے گا - وزیرخارجہ جواد ظریف نے منگل کو استنبول میں او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس کے موقع پر نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تہران نے ایسے اقدامات کا آغاز کیا ہے جن کے ذریعے ان پالیسیوں کا مقابلہ کیا جائےگا جو ایٹمی معاہدے کے نتائج کو ایران کے حق میں نکلنے سے روکنے کے لئے وضع کی جارہی ہیں - انہوں نے ایٹمی معاہدے کے خلاف واشنگٹن کی مخاصمانہ پالیسیوں کو ایران کے خلاف واشنگٹن کی دشمنی کی شدت کی علامت بتایا اور کہا کہ امریکی حکام ایٹمی معاہدے کے بعد ایران کے مزید طاقتور اور مقتدر ہونے سے خوف زدہ ہیں

ٹیگس