Aug ۰۷, ۲۰۱۷ ۲۰:۱۹ Asia/Tehran
  • ایران کی طاقت اس کے عوام ہیں، وزیرخارجہ جواد ظریف

وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایران کی طاقت عوام کی ہوشیاری اور ثابت قدمی ہے۔

وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے پیر کو نامہ نگاروں کے قومی دن کی مناسبت سے تہران میں صحافیوں اور نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران وہ اکیلا ملک ہے جس کی طاقت دوسرے ملکوں کے اتحاد اور حمایت کی بدولت نہیں ہے بلکہ تمام تر دباؤ اور پابندیوں کے باوجود ایران کو یہ طاقت عوام کی ہوشیاری، بصیرت، ثابت قدمی اور پائیداری کی وجہ سے ملی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ایران کی طاقت و عظمت ایرانی عوام کی مرہون منت ہے اور ایران کی طاقت کا سرچشمہ اس کے اپنے عوام ہیں۔
وزیرخارجہ نے ذرائع ابلاغ کے میدان میں بعض پڑوسی ملکوں کے ذریعے خرچ کی جارہی خطیر رقم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ پوری ہوشیاری اور ہم آہنگی کے ساتھ اپنے پیغام کو قومی مفادات کے تناظر میں دنیا والوں تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ اور صحافیوں کا کردار بہت ہی اہم ہے۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ آج صرف فوجی طاقت کو ہی طاقت نہیں کہا جاتا بلکہ طاقت کے ذرائع مختلف ہیں اور جن کے پاس فکر و نظر اور پیغام و تصویر ہوتی ہے وہ طاقتور ہوتے ہیں۔

ٹیگس