Aug ۱۳, ۲۰۱۷ ۱۹:۴۷ Asia/Tehran
  • دہشتگردوں کا مقصد مسلمانوں کو بدنام کرنا ہے

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا ہے کہ داعش دہشت گرد گروہ کے جرائم سے پتہ چلتا ہے کہ دہشت گردوں کا اسلامی ثقافت سے دور دور کا بھی واسطہ نہیں ہے اور ان کا مقصد صرف مسلمانوں میں تفرقہ ڈالنا اور انھیں بدنام کرنا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے اتوار کو پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس میں پاسبان حرم"شہید محسن حججی" کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میدان جہاد میں شہید حججی کی شہادت نے آج کی دنیا کو مقدس اہداف کی راہ میں پوری استقامت و پائداری کے ساتھ ایثار و قربانی کا درس دیا ہے اور آج دہشت گردوں کا مقابلہ اور ان کے خلاف جنگ، حسینیوں اور یزیدیوں کے درمیان مقابلے کا نمونہ ہے۔
شہید محسن حججی، حرم اہلبیت رسول اسلام (ص) کا دفاع کرتے ہوئے گذشتہ ہفتے داعش دہشت گرد گروہ کے ہاتھوں گرفتار ہونے کے بعد شہید ہوگئے تھے۔
ڈاکٹر لاریجانی نے کہا کہ امریکہ اور صیہونی حکومت نے تینتیس روزہ جنگ میں استقامت اور حزب اللہ سے بدترین شکست سے دوچار ہونے کے بعد مسلم امۃ کے درمیان اختلاف و تفرقہ ڈالنے کی غرض سے دہشت گردانہ کارروائیوں کا سہارا لیا اور علاقے کے بعض ممالک نے بھی اس ہدف کو آگے بڑھانے کے لئے داخلی سطح پر مسلم امۃ کے درمیان اختلافات کو ھوا دینے کی کوششیں شروع کردیں۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر بریگیڈیئیر جنرل محمد علی جعفری نے شہر نجف آباد میں پاسبان حرم شہید محسن حججی کی یاد میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب اسلامی کی حمایت دنیا کے حریت پسندوں کے لئے ایک افتخار رہی ہے اور ایران کا اسلامی انقلاب دنیا کے لئے باعث عزت ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نےمزید کہا کہ دنیا اس بات پر حیران ہے کہ تمام پابندیوں اور دشمنیوں کے باوجود ایران کس طرح ڈٹا ہوا ہے اور استقامت و پائیداری کا مظاہرہ کر رہا ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ ایثار و شہادت کی ثقافت ہر طرح کے خطرے اور سازش کوناکام بنا دیتی ہے اور اس کا رخ دشمن کی جانب موڑ دیتی ہے۔
جنرل جعفری نے تکفیری گروہوں کو جنم دینے کا مقصد انقلاب اسلامی کا مقابلہ کرنا قرار دیا اور کہا کہ علمائے عراق کی فراست و ہوشیاری اور اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت و مدد نے عراق میں داعش کے کردار اور سازش کو ناکام بنادیا۔
جنرل جعفری نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ جلد ہی عراق کا کوئی بھی شہر داعش کے قبضے میں نہیں رہے گا کہا کہ عراق و شام میں حمایت کے لئے علاقے کے عوام کے درمیان جو آمادگی پیدا ہوئی ہے وہ بے مثال داخلی نظم و اتحاد کا باعث ہوئی ہے۔
ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے داعشی تکفیری دہشت گرد گروہ کو صیہونی حکومت کا ہراول دستہ قرار دیا اور تاکید کے ساتھ کہا کہ دہشت گرد اور تکفیری گروہوں کے خلاف ایران کی جنگ ایک ایسی جنگ ہے کہ جو گذشتہ کئی برس سے علاقے میں اسلامی انقلابی محاذ اور باطل  کے درمیان جاری ہے اور اس کا مقصد بیت المقدس کو آزاد کرانا ہے کہ جس کا وعدہ بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رح) نے کیا ہے۔

ٹیگس