Aug ۱۸, ۲۰۱۷ ۱۹:۴۴ Asia/Tehran
  • ایرانی عازمین حج مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ میں خیریت سے ہیں

حج کے امور میں ولی فقیہ کے نمائندے اور ایرانی عازمین حج کے سرپرست نے کہا ہے کہ سرزمین وحی میں ایرانی عازمین حج بخیر و عافیت ہیں۔

ایرانی عازمین حج کے سرپرست حجت الاسلام قاضی عسگر نے کہا ہے کہ سبھی ایرانی عازمین حج اور زائرین خیریت سے ہیں اور وہ دونوں ہی مقدس شہروں مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ میں عبادت و زیارت میں مشغول ہیں۔
انہوں نے جمعہ کو مدینہ منورہ میں رہبرانقلاب اسلامی کے نمائندہ دفتر کے مدیروں کی کمیٹی کے اجلاس میں کہا کہ ایرانی حج مشن کے سبھی عہدیدار اور ذمہ دار افراد اپنی ذمہ داریوں کو اچھی طرح ادا کررہے ہیں۔
ایران کے ادارہ حج و زیارت کے سربرا حمید محمدی نے بھی مکہ مکرمہ میں اسی طرح کے ایک اجلاس میں کہاکہ ایرانی عازمین حج کی سلامتی حج تمتع کی ادائیگی کے دوران خاص طور پر رمی جمرات کے موقع پر سب سے پہلی ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کے ساتھ طے ہونے والے سمجھوتے کے مطابق ایرانی حاجی دس ذی الحجہ کو ساڑھے دس بجے کے بعدہی رمی جمرات کے لئے اپنے خیموں سے نکلیں گے۔
واضح رہے کہ دوہزار پندرہ کے حج میں عید قربان کے دن رمی جمرات کے دوران سعودی حکام کی نااہلی اور بے تدبیری کی وجہ سے ہزاروں حاجی شہید ہوگئے تھے جن میں چار سو چونسٹھ ایرانی حاجی بھی شامل تھے۔
اس درمیان شب جمعہ میں مدینہ منورہ اورمکہ مکرمہ میں دعائے کمیل کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے۔
اس سال ساڑھے پچاسی ہزار ایرانی عازمین حج اس مقدس فریضے کو انجام دیں گے۔

ٹیگس