Aug ۱۹, ۲۰۱۷ ۲۰:۰۵ Asia/Tehran
  •  ایران کی بری فوج کی توانائیوں پر تاکید

اسلامی جمہوریہ ایران کی بری فوج کے کمانڈر نے کہا ہے کہ بری فوج علاقے میں پائے جانے والے خطرات کے پیش نظر سریع الحرکت یونٹیں تشکیل دے کر روز بروز اپنی دفاعی توانائیوں میں اضافہ کررہی ہے۔

ایران کی بری فوج کے کمانڈر کیومرث حیدری نے ہفتے کو اصفہان میں بری فوج کے دیگر کمانڈروں، عہدیداروں اور توپخانوں کے یونٹ کی ٹریننگ سینٹر کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عصری تقاضوں کے مطابق فوج کی دفاعی توانائیوں میں اضافہ ایران کی بری فوج کا اہم ترین مقصد ہے۔
انہوں نے بری فوج میں ہیلی کاپٹروں اور توپخانوں کے یونٹ کو بری فوج کا مضبوط پہلو بتایا اور کہا کہ بری فوج نے ہیلی کاپٹروں کے استعمال کے پیش نظر اپنی ضرورت کے تحت جامع منصوبوں کو اپنے ایجنڈے میں شامل کر رکھا ہے۔
واضح رہے کہ رہبرانقلاب اسلامی نے گذشتہ برس اکتیس اگست کووزارت دفاع کے عہدیداروں، حکام اور ماہرین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا تھا کہ دفاعی اور پیشگی حملہ کرنے کی توانائیوں میں اضافہ اسلامی جمہوریہ ایران کا مسلمہ حق ہے۔
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ایک ایسی دنیا میں جہاں ظالم اور تسلط پسند طاقتیں جن کے پاس انسانیت، وجدان اور اخلاق چھو کر بھی نہیں گذرا ہے ہر طرف مسلط ہیں اور دیگر ملکوں میں لوگوں کا قتل عام کرنے میں ذرا سا بھی دریغ نہیں کرتیں ایسے میں دفاعی اور پیشگی حملے کی توانائیوں میں اضافہ پوری طرح ایک فطری امر ہے کیونکہ جب تک ان طاقتوں کو ایران کی قوت کا اندازہ نہیں ہوگا اس وقت تک ہماری سیکورٹی مکمل نہیں ہوسکے گی۔