ایران خارجہ کی پالیسی کی ترجیحات کا اعلان
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ علاقائی امن و استحکام کی کوشش اور دہشت گردی کے خلاف جنگ، تہران کی خارجہ پالیسی کے بنیادی اصول ہیں۔
پیر کے روز تہران میں اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ملکی اور غیر ملکی نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا کہ ہمسایہ اور علاقائی ملکوں کے ساتھ تعلقات کا فروغ اور خطے کے امن و استحکام میں مدد کرنا ایران کی خارجہ پالیسی میں بدستور سرفہرست ہے۔
انہوں نے کہا کہ جامع ایٹمی معاہدے اور اس کے ثمرات کو محفوظ رکھنا بھی صدر حسن روحانی کے نئے صدارتی دور کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں سب سے اوپر رہے گا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے یہ بات زور دے کہی کہ جامع ایٹمی معاہدہ ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے اور دنیا کے زیادہ تر ممالک اس معاہدے کے حامی ہیں۔
بہرام قاسمی نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سعودی حکام کو مزید حقیقت پسندی کے ساتھ خطے کے حالات کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بحران شام کے حل کے لیے مجوزہ آستانہ مذاکرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آستانہ مذاکرات کا چھٹا دور عنقریب منعقد ہوگا۔
بہرام قاسمی نے یہ بات زور دے کہی کہ بحران شام کے حل کی غرض سے جاری آستانہ مذاکرات کوئی نعم البدل نہیں ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران، روس اور ترکی کے درمیان، آستانہ مذاکرات کے حوالے سے جاری تعاون بحران شام کے حل میں اب تک موثر واقع ہورہا ہے۔