Aug ۲۱, ۲۰۱۷ ۱۸:۳۲ Asia/Tehran
  •  علاقے کے ملکوں کو دہشتگردی کے خلاف متحد ہوجانا چاہئے: علی اکبر ولایتی

ایران کی تشخیص مصلحت نظام کونسل کے اسٹریٹیجک ریسرچ سینٹر کے سربراہ نے کہا ہے کہ علاقے کی تقدیر کا فیصلہ علاقائی ممالک کے ہاتھوں ہی رقم ہونا چاہئے اور تمام ممالک کو دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف متحد ہوجانا چاہئے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ایران کی تشخیص مصلحت نظام کونسل کے اسٹریٹیجک ریسرچ سینٹر کے سربراہ علی اکبر ولایتی نے پیر کو تہران میں عراق کی فضیلت پارٹی کے سربراہ عبدالحسین موسوی سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے با رہا عراق کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف جنگ اور اغیار کا مقابلہ کرنے کی حمایت کی ہے۔
ڈاکٹر ولایتی نے کہا کہ علاقے کے ممالک کو نیک نیتی رکھنا چاہئے اور اگر کوئی ملک اچھی ہمسائگی کے اصول سے منحرف ہونے کے بعد پھر راستے پر آجائے تو ایران اس کا خیرمقدم کرےگا۔
انھوں نے کہا کہ ایران اور عراق کے درمیان موجود اشتراکات کے باعث دشمن دونوں ملکوں کی قوموں میں تفرقہ ڈالنے کی کوشش میں تھے تاہم کامیاب نہ ہو سکے۔
اس موقع پر عراق کی فضیلت پارٹی کے سربراہ عبدالحسین موسوی نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ایران کی جانب سے عراق کی مدد کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان بہت سے اشتراکات اور رشتے ہیں اور یہ نزدیکی صرف حکام کے درمیان نہیں بلکہ ایران اور عراق کے عوام کے درمیان پائی جاتی ہے۔
عراق کی فضیلت پارٹی کے سربراہ عبدالحسین موسوی نے کہا کہ داعش کے دہشتگردانہ حملوں نے ایران اور عراق کو ایک راستے پر ڈال دیا ہے کیونکہ یہ حملے انسانیت کے خلاف ہیں۔

ٹیگس