Aug ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۸:۲۳ Asia/Tehran
  • آئی اے ای اے پر امریکا کے ممکنہ دباؤ کی بابت ایران کا انتباہ

اسلامی جمہوریہ ایران نے ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی پر امریکا کے دباؤ کی بابت خبردار کیا ہے۔

ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی آئی اے ای اے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندہ دفترنے اس عالمی ادارے پر غیر قانونی دباؤ ڈالے جانے کے خطرناک نتائج کی بابت خبردار کیا ہے۔

آئی اے ای اے میں ایران کے نمائندہ دفتر نے اقوام متحدہ میں امریکی مندوب کے دورہ ویانا  اور آئی اے ای اے کے حکام سے ان کی ملاقاتوں کے ردعمل میں کہا ہے کہ ایران کسی بھی قیمت پر اس بات کی اجازت نہیں دے گا کہ  امریکا اپنے سیاسی مقاصد کے لئے ایجنسی کے قوانین سے غلط فائدہ اٹھائے۔

ایران کے نمائندہ دفتر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا کا یہ دعوی کہ ایجنسی کی رپورٹیں اسی حساب سے معتبر سمجھی جائیں گی جس قدر ایران ایجنسی کے معائنہ کاروں کو معائنے کی اجازت دے گا ایک عجیب و غریب دعوی ہے اور یہ پوری طرح غلط بات ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا کے اس قسم کے دعوؤں اور  باتوں سے نہ صرف ایران بلکہ دنیا کے  سبھی ملکوں کے بارے میں ایجنسی اور اس کی رپورٹوں کی حیثیت اور اعتبار پر سوالیہ نشان لگ جائےگا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کے دعوؤں کا مطلب ایجنسی اور اس کی رپورٹوں کا غیر معتبر ہونا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ یہ باتیں امریکا کی نئی انتظامیہ کی ناتجربہ کاری اور کم علمی کی بنا پر کی گئی ہیں۔

  آئی اے ای اے میں ایران کے دفتر نے کہا ہے کہ ایٹمی معاہدے پر ایران کی جانب سے( واشنگٹن کے اپنے خیال میں) عمل درآمد نہ کرنے کے تعلق سے امریکا کی تشویش ایک ایسے وقت سامنے آرہی ہے جب آئی اے ای اے کی متعدد رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ ایران ایٹمی معاہدے پر پوری طرح عمل کررہا ہے جبکہ امریکا ایرانوفوبیا پھیلانے کی اپنی پالیسی میں بری طرح ناکام ہوگیا ہے۔

ویانا میں ایران کے نمائندہ دفتر نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو توقع ہے کہ آئی اے ای اے کے ڈائریکٹرجنرل اور اس ایجنسی کے معائنہ کار پوری دیانتداری اور پیشہ وارانہ طریقے سے ایٹمی معاہدے کے بارے میں اپنی فرائض اور مشن کو انجام دیں گے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ میں امریکی نمائندہ نکی ہیلی نے آئی اے ای اے پر ایران کے فوجی مراکز کا معائنہ کرنے کے لئے دباؤ ڈالنے کی غرض سے بدھ کو ویانا میں ایجنسی کے ڈائریکٹرجنرل سے ملاقات کی ہے۔

ٹیگس