Sep ۰۸, ۲۰۱۷ ۱۷:۵۹ Asia/Tehran
  • برمی مسلمان انتہا پسندی بھینٹ چڑھے رہے ہیں

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ امن و صلح کی برقراری اقوام متحدہ کے منشور کا نچوڑ ہے اور اقوام متحدہ کو چاہئے کہ وہ اسی نکتے پر اپنی سرگرمیاں مرکوز رکھے۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب غلام علی خوشرو نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ اقوام متحدہ انسانیت کو جنگ و بدامنی سے نجات دلانے کے لئے بنائی گئی ہے کہا کہ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر طرح کی انتہا پسندی کا مقابلہ کرکے امن و صلح کے پرچم کو بلند کرے۔

ایرانی مندوب نے کہا کہ جو لوگ سفارت کاری اور مذاکرات کے بجائے پابندیوں اور دھمکیوں کی زبان میں بات کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور تسلط پسندی و انتہا پسندی کے کلچر کو رواج دینا چاہتے ہیں وہ اپنے قول عمل کےذریعے امن کی تہذیب و ثقافت کا گلا گھونٹ رہے ہیں ۔

اقوام متحدہ میں ایرانی مندوب نے بین الاقوامی تعلقات میں دھونس و دھمکی اور یکطرفہ اور من مانی پالیسیوں پر عمل کرنے کی روش کو عدم استحکام ، بدامنی، اور انتہا پسندی اور دہشت گردی میں اضافے کا باعث قراردیا اور کہا کہ ایٹمی معاہدے جیسی کامیاب سفارتکاری کی مثالوں سے استفادہ کرنا چاہئے اور اس قسم کی سفارتکاری کو بین الاقوامی تعلقات اور معاملات میں آئیڈیل قراردینا چاہئے۔

اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ مشرق وسطی کا علاقہ خطرناک اور مہلک ہتھیاروں کی نمائش میں تبدیل ہوگیا ہے کہا کہ ان میں ہر ایک ہتھیار امن و صلح کے پیکر پر ایک زخم لگارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک ایسے وقت جب قتل و غارتگری کے مراکز اور جھوٹے اتحاد، مذہبی مقامات، اسکولوں اور اسپتالوں پر بمباری کرکے انہیں تباہ کررہے ہیں اور لوگوں کا گلی و کوچوں میں قتل عام کررہے ہیں وہ عملی طور پرآہنی ہاتھوں سے امن و صلح کونابود کررہے ہیں۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف میانمار کی فوج اور انتہا پسند بودھسٹوں کے وحشیانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میانمار کے مسلمان انتہا پسندی اور عدم برداشت کی بھینٹ چڑھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تشدد اور انتہا پسندی سے پاک دنیا کے عنوان سے قرارداد پیش کرنے کے تعلق سے اسلامی جمہوریہ ایران کی کاوشوں کا ذکرکرتے ہوئے دنیا کے سبھی امن پسند ملکوں سے کہاکہ وہ عالمی سطح پر امن و صلح کے قیام کے لئےایک دوسرے سے تعاون کریں۔

 

ٹیگس