• ایران، روہنگیا مسلمانوں کی پوری طاقت سے حمایت کرے گا: وزارت خارجہ

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران دنیا کے مسلمانوں کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں کے پیش نظر روہنگیا مسلمانوں کے حقوق کی بازیابی کے لئے اقدام کرےگا-

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے منگل کو ہمارے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا سالانہ اجلاس، اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت کے لئے میانمار کے مسلمانوں کی نسل کشی کا موضوع اٹھانے کا مناسب موقع ہے- ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ماضی میں ہونے والے اجلاسوں اور وزیرخارجہ نے دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ٹیلی فونی گفتگو اور رابطوں میں اس موضوع کو زور و شور سے اٹھایا ہے کہا کہ حالیہ دنوں میں بھی ایران کے وزیرخارجہ کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں کی حمایت میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نام خط لکھے جانے سمیت بہت سے اقدامات انجام دیئے گئے ہیں- ترجمان وزارت خارجہ نے  کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، روہنگیا مسلمانوں کے خلاف میانمار کی فوج اور بدھسٹوں کے جرائم کا سلسلہ رکوانے کے لئے مختلف سطح پر کوششیں جاری رکھے گا-

Sep ۱۲, ۲۰۱۷ ۱۶:۰۲ UTC
کمنٹس