Sep ۲۰, ۲۰۱۷ ۱۵:۳۴ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کا بیان گھٹیا اور شرمناک ہے، ایران

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کا گھٹیا اور شرمناک بیان عوام کو دھوکہ دینے والے ان کے قول و فعل کی نشاندہی کرتا ہے

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں دئے گئے ٹرمپ کے غیر سفارتی بیان کے ردعمل  میں کہا کہ ٹرمپ کا بیان اس قدر گھٹیا اور بے معنی تھا کہ جواب دینے کے لائق بھی نہیں ہے - وزیرخارجہ جواد ظریف نے کہا کہ داخلہ اور خارجہ پالیسی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے حقائق کو نظرانداز کرنا ٹرمپ کی لاعلمی اور عوام کو دھوکہ دینے والے ان کے قول وفعل کی عمازی کرتا ہے - وزیرخارجہ جواد ظریف نے کہا کہ ایک ایسے وقت جب امریکا صیہونی حکومت کے جرائم اور علاقے کی ڈکٹیٹر حکومتوں کی حمایت کرتا ہے اور جس نے دہشت گرد گروہوں کو جنم دیا اور انہیں پروان چڑھایا ٹرمپ کے اس قسم کے گھٹیا بیان کا نتیجہ یہی نکلے گا کہ امریکا پہلے سے بھی زیادہ دنیا میں بے آبرو اور الگ تھلگ پڑجائے گا - واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس سے خطاب کے دوران ایٹمی معاہدے میں شامل دیگر فریقوں کے موقف کے برخلاف ایک بار پھر اس معاہدے کو ایک وحشتناک اور امریکا کے لئے شرمندگی کا باعث معاہدہ قراردیا - انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران پر جو علاقے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک مضبوط قلعے کی حیثیت رکھتا ہے دہشت گردی کی حمایت کا گھٹیا الزام عائد کیا - اس درمیان ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری علی شمخانی نے کہا ہے کہ جنرل اسمبلی میں ٹرمپ کا بیان بین الاقوامی معاہدوں کے بارے میں ان کی کمزور وناقص اطلاعات و ادارک کو ظاہر کرتا ہے اور عالمی برادری کی نگاہ میں اس بیان کی کوئی اہمیت نہیں ہے - ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری علی شمخانی نے ٹرمپ کے دعوؤں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کا یہ بیان ان کی جنگ پسندانہ اور مخاصمانہ سرشت کو ظاہر کرتا ہے جو امن و صلح کے منافی ہے - ان کا کہنا تھا  کہ اس طرح کے تشہیراتی اور نمائشی بیانات اور اقدامات سے ملکوں کے عزم و ارادے میں کوئی خلل واقع نہیں ہوگا اور اسلامی جمہوریہ ایران ہرطرح کی ہنگامہ آرائیوں کی پروا کئے بغیر اپنے حقوق  حاصل کرنے کی کوشش کرتا رہے گا - ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری نے کہا ہے کہ ایٹمی معاہدے میں شامل کسی بھی ملک کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ اس بین الاقوامی معاہدے میں درج  شقوں اور باتوں سے بے بنیاد بہانوں کے ذریعے سرپیچی کرے- ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری علی شمخانی نےیمن کی جنگ میں ایران کے کردارپر مبنی ٹرمپ کے دعوؤں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت امریکا کی اسلحہ جاتی اور انٹلیجنس مدد سے یمن کے بے گناہ شہریوں پر وحشیانہ بمباری اور ان کا قتل عام  کررہی ہے لیکن امریکی صدر رائے عامہ کو گمراہ کرنےلئے غیر حقیقت پسندانہ بیانات کا سہارا لے رہےہیں -

 

ٹیگس