Sep ۲۱, ۲۰۱۷ ۱۲:۴۳ Asia/Tehran
  • ایران، روہنگیا مسلمانوں کے لئےامدادی سامان کی دوسری کھیپ

ایران نے روہنگیا مسلمانوں کو امدادی سامان کی دوسری کھیپ میانمار روانہ کر دی ہے۔

 اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مختلف ضروری اشیاء پر مبنی امدادی سامان کی دوسری کھیپ روہنگیا مسلمانوں کے لئے میانمار روانہ کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق، ایرانی طیارے میں خوراک، ادویات، طبی سامان اور اشیائے روزمرہ پر مشتمل 30 ٹن امدادی سامان آج بروز جمعرات ایران کے شہید جنرل لشکری ایئربیس سے بنگلہ دیش روانہ کردی گئی جہاں سے اسے میانمار بھیجا جائے گا۔

ایرانی ہلال احمر کمیٹی کے شعبہ ریکسیو اور ریلیف کے ڈائریکٹرمرتضی سلیمی نے امداد سامان بھیجنے کے موقع پر صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں کو امداد اور ضروری اشیا کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

خیال رہے کہ بنگلہ دیش میں ایرانی سفارتخانے اور وہاں کی ہلال احمر کے تعاون سے امدادی کھیپ کو بنگلہ دیش کے سرحدی علاقے میں پہنچایا جایا گا جہاں پناہ گزین کیمپوں میں موجود ہزاروں روہنگیا مسلمانوں کو یہ سامان تقسیم کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 15 ستمبر کو ایران کی جانب سے 40 ٹن اشیائے ضرورت ہر مبنی پہلی امداد کھیپ بنگلہ دیش روانہ کردی گئی تھی ۔

یاد رہے کہ اگست کے مہینے سے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف سرکاری فورسز اور انتہاپسندوں نے کارروائی کرتے ہوئے ریاست راخین میں مسلمانوں کے ڈھائی ہزار سے زائد گھر جلا دیئے جس کے نتیجے میں سینکڑوں مسلمان جاں بحق ہوگئے۔

اقوام متحدہ کے مطابق، پرتشدد واقعات کی وجہ سے لاکھوں روہنگیا مسلمان اپنی جانیں بچا کر بنگلہ دیش جا چکے ہیں۔

ٹیگس