Sep ۲۱, ۲۰۱۷ ۲۰:۳۱ Asia/Tehran
  • ایران کے موقف سے سبھی ملکوں کا اتفاق ہے، صدر روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ علاقے کی صورتحال اور ایٹمی معاہدے کے بارے میں ایران کے موقف سے سبھی ملکوں نے اتفاق کیا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے بعد نیویارک سے واپس تہران پہنچنے پر مہرآباد ہوائی اڈے پر نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے اس سال کے اجلاس سے ظاہر ہوتا ہے کہ علاقےکے مسائل، ایٹمی معاہدے اور ایران اور دنیا کے درمیان اقتصادی تعلقات میں پیشرفت  کے بارے میں ایران کے موقف پر دنیا کے ملکوں کا اتفاق ہے۔

انہوں نے نیویارک میں عالمی رہنماؤں سے اپنی ملاقاتوں کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ ان ملاقاتوں میں یورپی رہنماؤں نے ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد پر زوردیا ہے اور کہا ہے کہ یہ معاہدہ نہ تو واپس لیا جاسکتا ہے اور نہ ہی اس پر دوبارہ مذاکرات ہوسکتے ہیں۔
صدر حسن روحانی نے ایران کے خلاف امریکی صدر ٹرمپ  اور صیہونی حکومت کے وزیراعظم نتن یاہو کی تقریروں میں یکسانیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے بہت سے ذرائع ابلاغ اور دیگر ملکوں کے اعلی حکام خاص طور پر یورپی ملکوں کے سربراہان مملکت نے ایٹمی معاہدے کے خلاف ٹرمپ کی تقریر اور باتوں کی  کھل کر مخالفت کی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے ٹرمپ کے اس دعوے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ ایران نے ایٹمی معاہدے کی روح کی پابندی نہیں کی ہے کہا کہ کسی بھی ملک کے حکام نے ٹرمپ کی اس بات کی تائید نہیں کی ہے اور سبھی نے ایٹمی معاہدے کے سلسلے میں آئی اے ای اے کو معیار اور ملاک قراردیا ہے جس نے بارہا اعلان کیا ہے کہ ایران نے ایٹمی معاہدے پر پوری طرح سے عمل کیا ہے۔

ٹیگس