Sep ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۳:۴۳ Asia/Tehran
  • ایران کی جانب سے متحدہ عراق پر تاکید

صدر مملکت نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، عراق کی ارضی سالمیت اور متحدہ عراق کی حمایت کرتا ہے اور عراق میں کسی بھی قسم کے اقدام کو وہ اس ملک کے آئین کے دائرے میں ہی قابل جواز سمجھتا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اتوار کی رات عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی سے ٹیلیفون پر گفتگو میں تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ تہران کی حکومت، بغداد کی حکومت کی مکمل حمایت کرتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ عراق کی حکومت اور قوم، دیگر مسائل کی مانند موجودہ مسئ‏لے کو بھی اپنی حکمت و تدبیر سے حل کرلے گی۔

صدر مملکت نے کہا کہ سب کو چاہئے کہ عراقی آئین کا احترام کریں اور یہ کہ اس کی خلاف ورزی، غیر قانونی ہے۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے اسی طرح ترکی کے صدر سے ٹیلیفون پر ہونے والی گفتگو اور حکومت عراق کے لئے تہران و انقرہ کے مشترکہ نقطہ نظر کی طرف بھی اشارہ کیا اور تاکید کے ساتھ کہا کہ عراقی کردستان میں ہونے والے ریفرنڈم کے مسئلے میں اسلامی جمہوریہ ایران مکمل طور پر حکومت عراق کے ساتھ ہے۔

اس گفتگو میں عراق کے وزیر اعظم حیدرالعبادی نے بھی عراق کی ارضی سالمیت اور متحدہ عراق کے بارے میں ایران کے موقف کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ عراقی کردستان میں مسعود بارزانی کا اقدام، عراق میں ایک نیا بحران پیدا کر سکتا ہے۔

ٹیگس