Sep ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۹:۵۱ Asia/Tehran
  • دفتر خارجہ کے ترجمان کی سحر ٹی وی کے نمائندے سے گفتگو

وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے سحر ٹی وی کے نمائندے کے ساتھ خصوصی گفتگو میں عراقی کردستان میں علیحدگی کے ریفرنڈم کے بارے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے ریفرنڈم کو ایک تاریخی غلطی قرار دیا۔

بہرام قاسمی نے کہا کہ عراق سے الگ ہونے کے لئے کردستان میں ریفرنڈم بالکل غلط ہے۔ یہ ایک تاریخی غلطی ہے، قابل قبول نہییں ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ نے موجودہ حالات میں عراق سے کردستان کی علیحدگی کے ریفرنڈم کے خطرناک نتائج کی جانب سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں اس ریفرنڈم کے نتائج خود عراق کے کرد عوام کے لئے ناگوار ہوں گے۔

بہرام قاسمی نے کہا کہ خاص طور پر موجودہ حالات میں جبکہ تکفیری دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے، عراق کے ثبات و استحکام، ملک کے اقتدار اعلی، ارضی سالمیت ، اور جمہوریت کے استحکام میں مدد کرنی چاہئے۔ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ صرف کردوں کو ہی نہیں بلکہ سبھی اقوام اور سبھی مذاہب کے ماننے والوں کو باہمی تعاون سے ایسے حالات پیدا کرنے چاہئیں کہ عراقی عوام اپنے تمام شہری حقوق کے ساتھ ایک اچھی زندگی بسر کرسکیں۔

انھوں نے کہا کہ ہمیں سب سے زیادہ تشویش اس لئے ہے کہ بعض قوتیں اس علاقے میں افراتفری، بدامنی اور عدم استحکام پھیلانے کی کوششوں میں مصروف ہیں اورہمیں خدشہ اس بات کا ہے کہ کہیں حالات اتنے خراب اور بحران اتنا پیچیدہ نہ ہوجائے کہ اس کو آسانی سے حل نہ کیا جاسکے۔

بہرام قاسمی نے کہا کہ اگر حالات زیادہ خراب ہوتے ہیں اور بحران کی پیچیدگی بڑھتی ہے تویہ صورتحال خود عراقی کردستان کے عوام کے لئے مناسب نہیں ہوگی۔

ٹیگس