Sep ۲۷, ۲۰۱۷ ۱۳:۴۱ Asia/Tehran
  • تہران میں پاسبان حرم ، شہید محسن حججی کی تشییع جنازہ

ایران کے دارالحکومت تہران میں پاسبان حرم، شہید محسن حججی کی تشییع جنازہ نہایت عزت و احترام کے ساتھ انجام پائی۔

تہران کے غیرت مند و مومن عوام نے شام میں حرم اہلبیت کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہونے والے پاسبان حرم شہید محسن حججی کا جنازہ اٹھایا اور نہایت شان و شوکت اور عزت و احترام سے اس مسافر شام و کربلا کو وداع کیا۔
پاسبان حرم شہید محسن حججی کی تشیع جنازہ دارالحکومت تہران میں امام حسین اسکوائر سے شہداء اسکوائر تک انجام پائی جس میں ملک کے اعلی سیاسی و عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔
پاسبان حرم اہلبیت شہید محسن حججی کی تششیع جنازہ میں ہونے والا نوحہ و ماتم اور اسلامی جمہوریہ ایران کے پرچم کے ساتھ ہی لوگوں کے ہاتھوں میں بلند سبز و سرخ اور سیاہ رنگوں میں علمدار کربلا حضرت ابوالفضل العباس کا علم مبارک تشییع جنازہ میں موجود سوگواروں کی اسلامی نظام کے اہداف اور مذہبی اقدار سے وفاداری کی عکاسی کر رہے تھے۔
تشییع جنازہ کے موقع پر مجمع سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے معروف خطیب حجت الاسلام والمسلمین علی رضا پناہیان نے کہا کہ شہید حججی کے خون کا انتقام صرف داعش دہشتگرد گروہ کو ختم کرکے پورا نہیں ہوگا بلکہ ہم صیہونی حکومت کو صفحہ ہستی سے مٹا کر اس شہید اعلی مقام کے خون کا انتقام لیں گے۔
علی رضا پناہیان نے تاکید کے ساتھ کہا کہ ایران کے عوام شہید محسن حججی کے اصلی قاتلوں یعنی امریکہ اور صیہونی حکومت کو ہرگز نہیں بخشیں گے۔حجت الاسلام پناہیان نے مزید کہا کہ جس قوم کے پاس محسن حججی جیسے شہید ہوں گے وہی کامیاب ہو گی۔
تہران میں شہید حججی کی تشیع جنازہ کے بعد ان کے پیکر مطہرکو ان کے آبائی وطن نجف آباد بھجا جائےگا جہاں انھیں سپرد خاک کیا جائیگا۔
رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے بھی آج صبح تہران کی مسجد امام حسین پہنچ کر شہید محسن حججی کا آخری دیدار کیا اور فاتحہ خوانی کی۔
رہبرانقلاب اسلامی نے اس موقع پر شہید کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی اور شہید حججی کی قربانی پر انھیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے لواحقین کوصبرکی تلقین کی۔شہید محسن حججی کے جسد خاکی کوعام دیدار کے لیے تہران کی امام حسین (ع) مسجد میں رکھا گیا تھا۔
جولائی کے مہینے میں داعش کے دہشتگردوں نے شام اور عراق کی سرحد پر ایرانی عسکری مشیر اور پاسبان حرم اہلبیت محسن حججی کو پہلے اسیر کیا اور اس کے بعد نہایت بے دردی اور بزدلی سے شہید کردیا۔

ٹیگس