Oct ۱۵, ۲۰۱۷ ۱۴:۵۳ Asia/Tehran
  •  ایران، ہندوستان و افغانستان کے وزرائے اقتصاد کی ملاقات

ایران کے وزیر اقتصاد و خزانہ نے عالمی بینک اور عالمی مالیاتی فنڈ کے اجلاس میں شرکت کے لئے اپنے دورہ نیویارک میں ہندوستان اور افغانستان کے وزرائے اقتصاد سے ملاقات کی ہے۔

ایران کے وزیر اقتصاد و خزانہ مسعود کرباسیان نے ہندوستان کے وزیر اقتصاد و خزانہ ارون جیٹلی سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے اقتصادی تعلقات کے مزید فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے نقل و حمل اور چابہار بندرگاہ کی توسیع میں ہندوستان کے کردار کو دونوں ملکوں کے درمیان تعاون میں اضافے کا باعث قرار دیا۔
انھوں نے دونوں ملکوں کے درمیان مالی مسائل کے حل میں ہونے والی پیشرفت اور اسی طرح بعض منصوبے ہندوستان کے سپرد کئے جانے کو دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کی علامت سے تعبیر سے کیا۔
اس ملاقات میں ہندوستان کے وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے بھی دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے ذرائع کی وضاحت کرتے ہوئے دو طرفہ تعاون کی توسیع کا خیرمقدم کیا۔
ایران اور افغانستان کے وزرائے اقتصاد و خزانہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں بھی دونوں فریقوں نے علاقے کی اسٹریٹیجک اہمیت اور اقتصادی تعلقات کے فروغ کی راہ میں پائی جانے والی رکاوٹوں کو دور کرنے میں دونوں ملکوں کے کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون کی توسیع کی ضرورت پر تاکید کی۔

ٹیگس