Oct ۲۴, ۲۰۱۷ ۱۶:۱۴ Asia/Tehran
  • ایران مخالف پابندیاں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں، محمد جواد لاریجانی

اسلامی جمہوریہ ایران کی عدلیہ میں انسانی حقوق کی اعلی کونسل کے سیکریٹری محمد جواد لاریجانی نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی پابندیاں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں۔

ایرانی عدلیہ میں انسانی حقوق کی اعلی کونسل کے سیکریٹری محمد جواد لاریجانی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف امریکا کی پابندیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی بہانے سے کسی ایک قوم کو اس کے حقوق سے محروم کرنا اقوام متحدہ کے منشور اور انسانی حقوق سے متعلق عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے-

محمد جواد لاریجانی نے منگل کو نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف امریکی صدر ٹرمپ کا بیان شرمناک ہے جو امریکی عوام کے لئے بھی شرمندگی کا باعث بنا ہے- 

ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے موقف اور اقدامات کا کوئی اثر نہیں ہو گا اور ایران کے عوام ترقی و پیشرفت کی راہ پر گامزن رہیں گے-

ایرانی عدلیہ میں انسانی حقوق کی اعلی کونسل کے سکریٹری نے کہا کہ دہشت گرد گروہ داعش کو امریکا نے ہی بنایا ہے اور علاقے کے بعض ملکوں نے اس گروہ کی تشکیل کے لئے پیسے دیئے ہیں لیکن اسلامی جمہوریہ ایران کو اس بات پر فخر ہے کہ وہ پوری قوت کے ساتھ اس دہشت گرد گروہ کے مقابلے میں ڈٹا ہوا ہے اور اس نے داعش کو پسپائی اختیار کرنے پر مجبور کر دیا ہے-

انہوں نے ایٹمی معاہدے کے بارے میں یورپی ملکوں کے اقدام کے بارے میں بھی کہا کہ ایران نے اپنے وعدوں پر عمل کیا ہے اور اس نے کوئی وعدہ خلافی بھی نہیں کی ہے لیکن یورپی ملکوں نے مختلف اجلاسوں میں امریکا کی وعدہ خلافیوں کے مقابلے میں خاموشی اختیار کی ہے-

محمد جواد لاریجانی نے کہا کہ یورپی ممالک اگر حقیقت میں ایٹمی معاہدے کو باقی رکھنا چاہتے ہیں تو انہیں امریکا سے بات کرنی چـاہئے-

 

ٹیگس