Oct ۲۷, ۲۰۱۷ ۱۲:۳۷ Asia/Tehran
  • دنیا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کیا جائے، ایران کا مطالبہ

اسلامی جمہوریہ ایران نے ایک بار پھر یہ مطالبہ کیا ہے کہ ایٹمی ہتھیار رکھنے والے ممالک اپنے ایٹمی ہتھیار نابود کر دیں۔

اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب غلام علی خوشرو نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں، جو ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال اور یا استعمال کی دھمکیوں کے غیر قانونی ہونے کے بارے میں عالمی عدالت کے فیصلے کے زیرعنواں منعقد ہوا تھا، ناوابستہ تحریک کے رکن ملکوں کی نمائندگی میں تقریر کی-

انہوں نے مسائل کو پرامن طریقے سے حل کرنے اور دھونس و دھمکی کی زبان کے استعمال پر پابندی کے تعلق سے ناوابستہ تحریک کے اصولی موقف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی عدالت انصاف اختلافات اور مسائل کو پرامن طریقے سے حل، اس عمل کی حوصلہ افزائی اور اس روش  کو آگے بڑھانے میں اہم کردار کی حامل ہے-

ایرانی مندوب کا کہنا تھا کہ  ناوابستہ تحریک کے ممالک اقوام متحدہ کے ارکان سے یہ کہنا چاہتے ہیں کہ وہ اپنے قانونی حقوق کی سرگرمیوں اور اقدامات سے متعلق قانونی امور میں عالمی عدالت انصاف سے رجوع کریں-

انہوں نے مقبوضہ فلسطین میں حائل دیوار کی تعمیر کے قانونی مسائل کے بارے میں عالمی عدالت انصاف کے مشورتی فیصلے کا ذکر کرتے ہوئے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے احترام اور اس کے نفاذ کے لئے مقبوضہ فلسطین میں غاصبانہ قبضہ ختم کئے جانے کا مطالبہ کیا-

فلسطینی علاقے غرب اردن میں نسل پرستانہ صیہونی دیوار کی تعمیر دو ہزار دو سے شروع ہوئی ہے اور اس کا مقصد فلسطینی سرزمینوں کو زیادہ سے زیادہ مقبوضہ علاقوں میں ضم کر لینا اور مزید صیہونی بستیوں کی تعمیر کرنا ہے-

جولائی دوہزا ر چار میں حائل صیہونی دیوار کی تعمیر کے خلاف عالمی عدالت انصاف کے مشورتی فیصلے کے باوجود کہ جس میں کہا گیا تھا کہ اس دیوار کی تعمیر غیرقانونی ہے اور اس کو فوری طور پر منہدم کر کے فلسطینیوں کو ہوئے نقصانات کا ازالہ کیا جائے، مذکورہ دیوار کی تعمیر کا کام بدستور جاری ہے-

اقوام متحدہ بھی صیہونی بستیوں کی تعمیر کو روک دینے کا مطالبہ کرچکی ہے۔

 

ٹیگس