Nov ۰۸, ۲۰۱۷ ۱۵:۰۳ Asia/Tehran
  • ایران ہمیشہ لبنانی قوم کے ساتھ رہے گا،صدر ڈاکٹر روحانی

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے تہران اور بیروت کے تعلقات کو دوستانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران ہمیشہ لبنانی قوم کے ساتھ رہے گا اور اس ملک میں استحکام کی تقویت کے لئے اپنی کسی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے لبنان کی وزارت عظمی کے عہدے سے سعد حریری کے استعفے کے بعد لبنان کے صدر میشل عون سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران علاقے کے سبھی ملکوں منجملہ لبنان میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔انھوں نے کہا کہ لبنانی قوم نئے بحران کو عبور کرنے میں بھی کامیاب رہے گی اور اس بات کی ہرگز اجازت نہیں دے گی کہ لبنان اغیار کے تنازعہ اور دہشت گردوں کے دوبارہ پنپنے کے میدان میں تبدیل ہو سکے۔صدرمملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے امن و استحکام اور نئے حالات میں لبنانی عوام کی ہوشیاری کے بارے میں لبنان کے صدر کے بیان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یقینا لبنان کے صدر کی منطق اور ان کے گرانقدر تجربات اور لبنانی عوام اور فوج کی سوجھ بوجھ سے اس ملک میں استحکام کا تحفظ ہو گا۔اس ٹیلیفونی گفتگو میں لبنان کے صدر میشل عون نے بھی مختلف شعبوں میں دونوں ملکوں کے تعلقات کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔انھوں نے اپنے ملک کی حالیہ تبدیلیوں اور سعد حریری کے استعفے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورت حال اگرچہ دشوار ہے تاہم لبنان میں امن و استحکام قائم ہے اور لبنانی عوام اپنے ملک میں رونما ہونے والی ان تبدیلیوں کی طرف مکمل طور پر متوجہ ہیں۔

ٹیگس