Nov ۱۴, ۲۰۱۷ ۱۴:۰۹ Asia/Tehran
  • ایران میں زلزلہ: حکومت، مسلح افواج اور عوام کرمانشاہ کےعوام کے ساتھ ہیں، صدر مملکت

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ حکومت، مسلح افواج اور عوام سب ہی کرمانشاہ کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے، جو زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا معائنہ کرنے کے لئے منگل کی صبح کرمانشاہ کے دورے پر پہنچے تھے نامہ نگاروں سے گفتگو میں سوگوار گھرانوں کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پوری توانائی کے ساتھ زلزلے سے متاثرہ لوگوں کے ساتھ ہے اور ہر طرح سے سرگرم عمل ہے اور وہ مختصر مدّت میں مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرے گی۔
انھوں نے کہا کہ کوئی ایرانی ایسا نہیں ہے جو کرمانشاہ کے عوام کی فکر میں نہ ہو اور سب کو چاہئے کہ زلزلے سے متاثرہ لوگوں کی پریشانیاں دور کرنے کے لئے پوری توانائی کے ساتھ کام کریں۔
صدر مملکت نے ایران میں زلزلے سے متاثرہ لوگوں سے اظہار ہمدردی کرنے والے ملکوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے زخمیوں کے لئے شفائے عاجل اور مرنےوالوں کے لواحقین کے لیے صبر کی دعای کی۔
دوسری جانب رہبر انقلاب اسلامی کے دفتر کی جانب سے حجت الاسلام و المسلمین عبدالحسین معزی کی زیرقیادت ایک وفد منگل کے روز زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا معائنہ اور لوگوں کی صورت حال کا پتہ لگانے نیز متاثرہ لوگوں کی امداد کے عمل کا جائزہ لینے کے لئے کرمانشاہ پہنچا ہے۔
ماہرین کی کونسل مجلس خبرگان میں کرمانشاہ کے عوام کے نمائندے حجت الاسلام و المسلمین محمود محمدی عراقی اور ایران کی ہلال احمر سوسائٹی کے بعض عہدیدار بھی اس دورے میں ہمراہی کر رہے ہیں۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے پیر کے روز ایرانی قوم کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں فرمایا تھا کہ ملک کے تمام حکام کو چاہئے کہ اپنی مکمل توانائی اور تمام وسائل و ذرائع کے ساتھ زلزلے سے متاثرہ لوگوں کی مدد کریں اور جلد سے جلد مشکلات حل کرنے کی کوشش کریں۔
اتوار کی رات مغربی ایران کے مختلف علاقوں اور عراق کے مشرقی علاقوں میں تباہ کن زلزلہ آیا تھا جس میں صرف ایران میں اب تک سوا چار سو سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ سات ہزار سے زائد دیگر زخمی ہیں۔
زلزلہ آنے کے بعد سے ہی امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور تمام متاثرہ علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا تھا۔

ٹیگس