Nov ۱۹, ۲۰۱۷ ۰۸:۳۳ Asia/Tehran
  • ایران بھر میں غریب الغرباء کا ماتم

ایران بھر میں آج فرزند رسول حضرت علی ابن موسی الرضا علیہ السلام کا یوم شہادت انتہائی عقیدت و احترام اور مذہبی جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

مشہد مقدس سے ہمارے نمائندے کے مطابق عراق، پاکستان، ہندوستان، لبنان اور دنیا کے گوشہ و کنار سے آئے ہوئے لاکھوںسیاہ پوش عزادار، سوگواری کے دستوں اور انفرادی طور مرثیہ اور نوحہ خوانی کرتے ہوئے بارگاہ امام میں حاضر ہورہے ہیں اور آپ کی یاد میں اشک غم بہارہے ہیں۔ آج علی الصبح خادمین بارگاہ رضوی کے ایک دستے نے مخصوص انداز میں صلوات و سلام پڑھا اور آپ کے روضے انور پر حاضری دی۔

قم المقدس اور شیراز میں حضرت شاہ چراغ کے حرم مطہر میں بھی حضرت امام رضا علیہ السلام کی شہادت کے موقع پر مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے جبکہ قم شہر سیاہ پوش و عزا دار ہے اوربارگاہ حضرت معصومہ سلام اللہ علیھا میں  ماتمی دستے اور عزاداروں کی بڑی تعداد حاضرہو کرآپ کو آپ کے برادر بزرگوار کا پرسہ دے رہے ہیں۔

تہران میں حضرت صالح ابن امام موسی کاظم اور شہر رے میں حضرت شاہ عبدالعظیم حسنی علیہ السلام کے روضوں میں بھی امام رضا علیہ السلام کی یاد میں مجالس عزا کا سلسلہ جو کل رات سے شروع ہوا تھا بدستور جاری ہےاور آپ کی یاد میں جلوس عزا برآمد کیے جا رہے ہیں۔

ایران کے دیگرتمام چھوٹے بڑے شہروں میں بھی امام علی ابن موسی الرضا علیہ السلام کی یاد میں مجالس عزا اور ماتمی جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے۔ عزاداری کا یہ سلسلہ آج رات دیر گئے تک جاری رہے گااور آخر میں مجالس شام غریباں منعقدکی جائیں گی۔

سحرعالمی نیٹ ورک غم واندوہ کے اس موقع پر اپنے تمام سامعین، ناظرین، قارئین اور کرم فرما‎ؤں کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہے۔

ٹیگس