Nov ۲۰, ۲۰۱۷ ۱۷:۱۱ Asia/Tehran
  • زلزلہ زدہ علاقوں میں مزید امدادی کوششوں کی ضرورت پر رہبر انقلاب اسلامی کی تاکید

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے پیر کی صبح مغربی ایران میں کرمانشاہ کے علاقے سرپل ذہاب میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ فرمایا ہے کہ حکام کو چاہئے کہ اور زیادہ امدادی کوششیں کریں اس لئے کہ اب تک انجام دی جانے والی کوششوں کے باوجود میں پوری طرح مطمئن نہیں ہوں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے زلزلے سے متاثرہ لوگوں سے اپنے خطاب میں فرمایا کہ میری بہت خواہش تھی کہ خوشیوں اور آپ کی زندگی کے آرام اور پرسکون لمحات اور ایام میں آپ کے شہر میں آتا اور آپ جیسے مہربان و باوفا لوگوں سے ملاقات کرتا نہ یہ کہ ایسے غمناک موقع پر کہ جب آپ لوگ رنج و غم میں مبتلا ہیں اور مصیبت میں گھرے ہوئے ہیں۔رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ اس حادثے نے پوری ایرانی قوم کو ہلا کر رکھ دیا اور ایران کے تمام علاقوں کے عوام نے دل سے کرمانشاہ پر توجہ مرکوز کر کے اپنی توانائی کے مطابق فرائض پر عمل اور زلزلے سے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لئے قدم آگے بڑھایا ہے۔اس سے قبل رہبر انقلاب اسلامی نے چھے سال قبل بارہ اکتوبر کو کرمانشاہ کا تاریخی دورہ کیا تھا۔آپ نے اس دورے میں کرمانشاہ کے مومن، غیور و بہادر عوام سے اپنے خطاب میں فرمایا تھا کہ مقدس وفاع کا دور اس صوبے کے لئے ایک بڑی آزمائش کا دور تھا۔

آٹھ سالہ جنگ اسی صوبے سے شروع ہوئی اور اسی صوبے میں ختم ہوئی۔رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے مقدس دفاع کے دوران صوبہ کرمانشاہ کے عوام کی استقامت اور ایثار و فداکاری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا  کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ آپ جیسے مہربان و صابر لوگوں کے شہر اور اس شہر کے اطراف میں اس قسم کی مشکلات پیدا ہوئی ہیں آپ لوگوں نے مسلط کردہ جنگ کے دور میں بھی تمام تر مصائـب و آلام کے مقابلے میں اپنی بھرپور جرائت و ہمت اور استقامت و ثابت قدمی اور بہادری کا مظاہرہ کیا اور اب اس وقت بھی آپ سب اپنی اسی استقامت اور ہمت و حوصلے کا مظاہرہ کریں گے۔رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا معائنہ کرتے ہوئے کہ جس میں پانچ سو سے زائد افراد جاں بحق  اورہزاروں دیگر زخمی  ہوئے، فرمایا کہ حکام کے ساتھ ساتھ عوام نے اچھی کوششیں کیں اور بھرپور تعاون کیا اور زلزلے سے متاثرہ افراد کی مدد میں تیز رفتاری، عارضی رہائش کے انتظام کی کوشش نیز پانی، بجلی اور گیس جیسی ضروریات کی فراہمی، امن وامان کی برقراری اور امداد کی ترسیل میں نظم، اس المناک واقعے کا مقابلہ کرنے میں  اچھے انتظام و تدابیر اور بندوبست کی نشاندہی کرتا ہے۔آپ نے فرمایا کہ اس میں دو رائے نہیں کہ عوام حکومت اور تمام ذمہ دار حکام سے اس بات کی توقع رکھتے ہیں کہ جو کچھ ایرانی قوم خاص طور سے صوبے کرمانشاہ کے پیارے عوام کے شایان شان ہے، ان کو اس مصیبت سے باہر نکالنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کا صوبے کرمانشاہ کا دورہ اوراس صوبے کے زلزلہ زدہ عوام سے آپ کا خطاب، اسی نکتے اور مسائل و مشکلات کے مقابلے میں عوام کے صبر و استقامت کے ساتھ ساتھ حکام کی جانب سے پہلے سے زیادہ کوششوں کی ضرورت پر تاکید ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ دلیر اور بہادر لوگ ہی حادثات کے مقابلے میں استقامت کا مظاہرہ کرتے ہیں اور ان پر غلبہ پاتے ہیں بنابریں اگرچہ زلزلہ، بڑی بلا و مصیبت ہے جو تباہی و بربادی سے سب کو مصیبت زدہ اور داغدار بنا دیتاہے تاہم اسی زلزلے کو عوام کی استقامت اور ان کی سعی و کوشش کے نتیجے میں نئی حیات و زندگی اور ترقی کے لئے ایک نعمت میں تبدیل بھی کیا جاسکتا ہے۔

ٹیگس