Nov ۲۴, ۲۰۱۷ ۱۸:۳۷ Asia/Tehran
  • امریکہ، خطے کی بدامنی اور دہشت گردی کا ذمہ دار ہے۔ لاریجانی

ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے امریکہ کو خطے کی بدامنی اور مشکلات کا اصل ذمہ دار قرار دیا ہے۔

ترکی  کے ٹی وی چینل ٹی آر ٹی کو انٹرویو دیتے ہوئے ، اسپیکر علی لاریجانی نے کہا کہ امریکہ نے اسرائیل کوفائدہ پہنچانے کی غرض سے مسلمانوں میں پھوٹ ڈالنے کے لیے دہشت گرد گروہ داعش کو بنایا ہے انہوں نے کہا کہ داعش کی نابودی پر اسرائیل سب سے زیادہ چراغ پا ہے اور اس نے لبنان کے لئے مشکلات کھڑی کرنا شروع کردی ہیں۔ایران کے اسپیکر نے کہا کہ شام میں لڑنے والے دہشت گرد غیر ملکی ہیں اور ان کے دوسرے ملکوں میں بھاگنے اور وہاں دہشت گری پھیلانے کا امکان پایا جاتا ہے۔ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ امریکہ ایران اور دیگر ملکوں کے درمیان تعلقات سے سخت خوفزدہ ہے اور ایران کے خلاف مسلسل الزام تراشی کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکی دعوے کے برخلاف ایران نے آج تک کسی بھی ملک کے خلاف جنگ اورجارحیت نہیں کی ہے بلکہ یہ امریکہ ہے جو دنیا کے بھر ملکوں کو کھلے عام دھمکیاں دیتا پھرتا ہے۔ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے واضح کیا کہ عراق اور شام میں ایران کی موجودگی خود ان ملکوں کی درخواست پر انجام پارہی ہے اور اس کا مقصد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان ملکوں کو تعاون فراہم کرنا ہے۔

ٹیگس