Nov ۲۶, ۲۰۱۷ ۱۸:۴۳ Asia/Tehran
  • خطے میں استقامت کا جذبہ ایران کی دین

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف میجر جنرل محمد علی جعفری نے کہا ہے کہ علاقے میں استقامتی محاذ کی کامیابیوں میں اہم کردار عوامی فورس بسیج کا رہا ہے اور یہ تجربہ دیگر ملکوں میں منتقل ہوا ہے۔

سپاہ نیوز کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف میجر جنرل محمد علی جعفری نے اتوار کے روز تہران میں عوامی فورس بسیج کے ایک اجلاس سے اپنے خطاب میں کہا کہ ایران کی عوامی رضاکار  فورس لبنان کی حزب اللہ اور عراق کی حشدالشعبی نیز علاقے کی دیگر قوموں کے لئے ایک نمونے کی حیثیت رکھتی ہے اور یہ تجربہ یمن اور دیگر ملکوں میں بھی منتقل ہوا ہے۔
انھوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی کے فرمان کے مطابق عالم اسلام کی عوامی رضاکار فورس بسیج کا قیام عمل میں آگیا ہے، کہا کہ علاقے کے ملکوں میں استقامت کا جوہر پیدا ہو چکا ہے اور دیگر ملکوں میں بھی استقامت کی چھوٹے چھوٹے محاذ وجود میں آ چکے ہیں اور مستقبل قریب میں اس کے اثرات کا مشاہدہ کیا جائے گا۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف میجر جنرل محمد علی جعفری نے کہا کہ عوامی رضاکار فورس بسیج نے شام میں مدافعین حرم  کے دائرے میں علاقے کے استقامتی محاذ کو مدد پہنچاکر، تقدیر ساز کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے  کہا کہ شام کی جنگ ایک عالمی جنگ ہے اس لئے کہ اس میں عالمی طاقتیں شریک رہی ہیں لیکن اس جنگ میں استکبار کو شکست ہوئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ چھبیس نومبر کی تاریخ، ایران کی عوامی رضاکار فورس کے قیام کی سالگرہ ہے اور اسی وجہ سے انیس سے چھبیس نومبر کے ایام کو ایران میں ہفتہ بسیج کا نام دیا گیا ہے۔

ٹیگس