Dec ۰۶, ۲۰۱۷ ۱۵:۰۵ Asia/Tehran
  • امریکہ عالم اسلام میں جنگ کی آگ  بھڑکائے رکھنا چاہتا ہے، رہبر انقلاب اسلامی

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے امریکہ، صیہونی حکومت اور بڑی طاقتوں سے وابستہ رجعت پسند حکومتوں کو دور حاضر کے فرعون قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ امریکی حکام اسرائیل کو بچانے کے لیے عالم اسلام میں جنگ کی آگ بھڑکائے رکھنا چاہتے ہیں۔

پیغمبراسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اورفرزند رسول حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر ایران کے اعلی سول اور فوجی حکام، اسلامی ملکوں کے سفیروں، نیز عالمی وحدت اسلامی کانفرنس میں شریک غیر ملکی مہمانوں سے خطاب کرتے ہوئے رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ بعض امریکی سیاستدانوں نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ مغربی ایشیا کے خطے میں جنگیں اورجھڑپیں کرائی جائیں تاکہ اسرائیل محفوظ رہے اور عالم اسلام کا زخمی پیکر ترقی نہ کرسکے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے خطے کے بعض حکمرانوں کی جانب سے امریکی خواہشات کی پیروی کیے جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اسلامی ملکوں کے درمیان اختلافات کا سوچ بھی نہیں سکتا۔آپ نے فرمایا کہ ایران نے جس طرح ملک کے اندر اتحاد اور بھائی چارہ قائم کر رکھا ہے اسی طرح عالم اسلام میں بھی اتحاد کا خواہاں ہے اور اس کے لیے وہ کوشش بھی کر رہا ہے۔رہبر انقلاب اسلامی نے واضح الفاظ میں فرمایا کہ خطے میں امریکی دم چھلوں کے لیے ہماری زبان، نصیحت کی زبان ہے اور میں انہیں نصیحت کرتا ہوں کہ عالمی سطح کے ظالموں کی خدمت خود ان کے نقصان میں ہے اور قران کریم نے بھی فرمایا ہے کہ ظالموں کی حمایت کا انجام نابودی کے سوا کچھ نہیں ہوتا -

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ نے فرمایا کہ تکفیری گروہوں کے قیام کا اصل مقصد شیعہ  سنی جنگ کرانا ہے لیکن دشمن کا یہ مقصد کبھی پورا نہیں ہوگا۔رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ خدا نے ہمارے دشمنوں کو احمق پیدا کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ دشمنان اسلام  کا مقصد، یعنی مذہبی جنگ کرانا، پورا نہیں ہوا اور آئندہ بھی پورا نہیں ہوگا۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے امت مسلمہ کے اتحاد اور صیہونیزم اور دیگر اسلام دشمن طاقتوں  کے مقابلے میں استقامت کو، دنیائے اسلام کی مشکلات کا علاج اور طاقت و عزت وسربلندی تک رسائی کا راستہ قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ فلسطین کا مسئلہ امت مسلمہ کے سیاسی مسائل میں سر فہرست ہے اور فلسطینی عوام کی آزادی اور نجات کے لیے کوشش اور مجاہدت کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اسلام دشمنوں کی جانب سے بیت المقدس کو صیہونی حکومت کا دارالحکومت بنانے کے دعوے کو ان کی کمزوری اور ناتوانی کا نتیجہ قرار دیا اور فرمایا کہ بلاشبہہ عالم اسلام اس سازش کا ڈٹ کا مقابلہ کرےگا، صیہونیوں کو اس کام کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی اور اس میں شک نہیں کہ پیارا فلسطین آخر کار آزاد ہوکے رہے گا۔

ٹیگس