Dec ۰۷, ۲۰۱۷ ۰۰:۰۰ Asia/Tehran
  • ایران کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کی مذمت

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خآرجہ نے ایک بیان میں بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی صدر کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر کا فیصلہ غیر قانونی اور بین الاقوامی معاہدوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں  بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر کا فیصلہ غیر قانونی ، سلامتی کونسل اور بین الاقوامی معاہدوں کی واضح خلاف ورزی ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول ہے اور بیت المقدس فلسطین کا اٹوٹ حصہ ہے ۔

ایران کی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق امریکہ نے ہمیشہ اسرائیل کی حمایت کرکے فلسطینیوں کو ان کے حقوق سے محروم رکھنے کی کوشش کی ہے اور فلسطینیوں پر ہونے والے اسرائیلی مظالم میں امریکہ نے ہمیشہ اسرائیل کا ساتھ دیا ہے امریکہ فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم میں برابر کا شریک ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ نے امریکی صدر کے اس اقدام کو مسلمانوں کے خلاف امریکی صدر کی عداوت اور دشمنی قراردیتے ہوئے اسے خطے میں اشتعال انگیزی قراردیا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھےگا ایران مقبوضہ فلسطین کی مکمل آزادی تک فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا رہےگا۔

 

ٹیگس