Dec ۰۷, ۲۰۱۷ ۱۳:۰۱ Asia/Tehran
  • بیت المقدس مسلمانوں اور فلسطینیوں کا ہے اور  رہے گا، ایران

ایران نے امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کئے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس اقدام کو بین الاقوامی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے اور تاکید کے ساتھ اعلان کیا ہے کہ قبلہ اول بیت المقدس ہمیشہ مسلمانوں اور فلسطینیوں سے متعلق رہے گا۔

بین الاقوامی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کئے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ غیر دانشمندانہ اقدام، فلسطین کی مظلوم قوم کے تاریخی و مسلمہ حق کو نظرانداز کئے جانے کے علاوہ بین الاقوامی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انھوں نے ٹرمپ کے اس اقدام کوعلاقے کو غیر مستحکم بنانے اور عالم اسلام کو کمزور نیز علاقائی و عالمی امن و استحکام کو خطرے سے دوچار کرنے کے لیے دشمن کی ایک اور علامت قرار دیا۔
ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ بیت المقدس کے خلاف یہ اقدام امریکہ کے لئے ایک اور کلنگ کا ٹیکہ ہے جو صیہونی حکومت کے مفادات کے تحفظ کے لئے عدم استحکام پیدا کرنے کی غرض سے عمل میں لایا گیا ہے۔
بین الاقوامی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ فلسطین کی مظلوم قوم کی جانب سے ماضی کی مانند استقامت و مزاحمت کی راہ بدستور جاری رہے گی اور امریکی حکومت فلسطین کی مظلوم قوم کے حقوق اور تاریخی حقائق کو ہرگز تبدیل نہیں کرسکے گی۔
انھوں نے کہا کہ بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول ہے اور وہ مسلمانوں اور فلسطینیوں سے متعلق رہے گا۔
امریکہ کے اشتعال انگیز اور متنازعہ صدر ٹرمپ نے بدھ کے روز وسیع علاقائی و عالمی مخالفت کے باوجود اعلان کیا ہے کہ واشنگٹن بیت القدس کو اسرائیل کے دارالحکومت کے طور پر تسلیم کرتا ہے۔
جس کے فورا بعد اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی صدر کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ امریکی صدر کا فیصلہ غیر قانونی اور بین الاقوامی معاہدوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول ہے اور بیت المقدس فلسطین کا اٹوٹ حصہ ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق امریکہ نے ہمیشہ اسرائیل کی حمایت کرکے فلسطینیوں کو ان کے حقوق سے محروم رکھنے کی کوشش کی ہے اور فلسطینیوں پر ہونے والے اسرائیلی مظالم میں امریکہ نے ہمیشہ اسرائیل کا ساتھ دیا ہے امریکہ فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم میں برابر کا شریک ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ نے امریکی صدر کے اس اقدام کو مسلمانوں کے خلاف امریکی صدر کی عداوت اور دشمنی قرار دیتے ہوئے اسے خطے میں اشتعال انگیزی قراردیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھےگا اور مقبوضہ فلسطین کی مکمل آزادی تک فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا رہےگا۔

ٹیگس