Dec ۱۲, ۲۰۱۷ ۱۴:۱۳ Asia/Tehran
  • پاکستان کے اقتصادی منصوبوں میں شمولیت کے لئے ایران کا اعلان آمادگی

کوئٹہ پاکستان میں ایران کے کونسلر جنرل محمد رفیعی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، پاکستان اور خاص طور سے صوبے بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں میں شمولیت کے لئے آمادہ ہے۔

پاکستان کے شہر کوئٹہ میں ایران کے کونسلر جنرل محمد رفیعی نے صوبے بلوچستان سے متعلق پاکستان کی انرجی کی ضرورت کو پورا کرنے اور ترقی و پیشرفت میں ایران کے کردار سے متعلق منعقدہ ایک نشست میں دونوں ملکوں کے درمیان گذشتہ دو برسوں کے دوران طے پانے والے تجارتی و اقتصادی منصوبوں پر عمل کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔انھوں نے کہا کہ گیس پائپ لائن منصوبے پر ایران کی جانب سے عمل درآمد ہونے کے پانچ برس بعد بھی امریکہ اور بعض ممالک کے دباؤ کی بنا پر پاکستان میں صوبے بلوچستان اپنی ابتدائی ضروریات کو پورا کرنے میں مختلف مسائل سے دوچار ہے جبکہ ایران کے حکام نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کے فروغ کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔محمد رفیعی نے ایران اور پاکستان کے درمیان طے شدہ متعدد منصوبوں پر عمل درآمد نہ ہونے پر تنقید بھی کی۔پاکستانی خواتین کے قومی کمیشن کی رکن ثنا درانی نے بھی پاکستان کے صوبے بلوچستان کے انتیس شہروں کے گیس اور توانائی سے بہرہ مند نہ ہونے اور اس صوبے کو سی پیک منصوبے میں شامل نہ کرنے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے حکومت اسلام آباد سے مطالبہ کیا کہ وہ مختلف شعبوں منجملہ توانائی اور گوادر بندرگاہ میں پینے کے پانی کے بحران کے حل کے سلسلے میں حکومت ایران کے ساتھ تعاون کو فروغ دے۔

ٹیگس