Jan ۲۱, ۲۰۱۸ ۱۷:۳۰ Asia/Tehran
  • ایران متحدہ عراق کی حمایت کرتا ہے، صدر مملکت ڈاکٹر روحانی کی تاکید

صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی نے متحدہ عراق کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراق کے اقتدار اعلی کا دفاع اور جغرافیائی حدود کی حفاظت کرنا خطے کے تمام ملکوں اور یہاں آباد قوموں کی ذمہ داری ہے۔ جبکہ بیرونی طاقتیں علاقے کے عوام کی نہ کبھی ہمدرد تھیں اور نہ آئندہ کبھی ہوں گی۔

 تہران میں عراقی کردستان کی مقامی انتظامیہ کے سربراہ نچیروان بارزانی سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران کے ساتھ عراقی کردوں کے دیرنیہ اور تاریخی رشتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے ایک اہم حصے کے طور پر عراقی کردستان کا علاقہ، عراق کے استحکام و سلامتی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے اور اس حوالے سے اس پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔
 صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے بعض بیرونی طاقتوں کی جانب سے خط کے امن و استحکام کو تباہ کرنے کی سازشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی بہانے سے خطے کے ملکوں کے امن و استحکام کو تباہ کرنے کی اجازت کسی کو بھی نہیں دی جانا چاہیے۔
 انہوں نے کہا کہ عراقی کردوں سمیت خطے کے ملکوں میں آباد تمام قوموں کو چاہیے کہ وہ ملکی آئین اور ارضی سالمیت کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے جائز اور قانونی حقوق حاصل کرنے کی کوشش کر یں۔
صدر ایران نے عراقی کردستان کے ترقیاتی منصوبوں میں ایران کی سرمایہ کاری اور ایران میں کرد تاجروں کی سرگرمیوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ایک ترقی یافتہ اور مضبوط عراق کا خواہاں ہے اور یہ بات خطے کے تمام ممالک کے مفاد میں ہے۔
عراقی کردستان کی مقامی انتظامیہ کے سربراہ نچیروان بارزانی نے اس موقع پر کہا کہ ایران اور عراق کی سرحدوں کو دوستی اور ترقی کی سرحدوں میں تبدیل کئے جانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات کا یقین دلایا کہ عراقی کردستان کی مقامی حکومت اس علاقے کو ایران کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیگی اور یہ ہماری حکومت کی ریڈ لائن ہے۔
نچیروان بارزانی نے مزید کہا کہ عراقی کردستان کا علاقہ شروع ہی سے متحدہ اور واحد عراق کا حامی اور عراقی آئین کی پابندی کا خواہاں ہے۔

ٹیگس