Jan ۲۳, ۲۰۱۸ ۱۳:۳۱ Asia/Tehran
  • پناہ گزینوں کی خدمات پر ایران کی قدردانی

پناہ گزینوں کے امور میں اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن کے نمائندہ دفتر کے سربراہ الیگزنڈر کشارا نے جنوبی ایران میں ایک بیان میں کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران فرائض سے کہیں زیادہ بڑھکر پناہ گزینوں کی خدمات اور ان کی حمایت کر رہا ہے۔

پناہ گزینوں کے امور میں اقوام متحدہ کے ہائی کیمشن کے نمائندہ دفتر کے سربراہ الیگزنڈر کشارا نے جنوبی ایران کے شہر شیراز میں افغانستان شناسی کے زیرعنواں منعقدہ ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پناہ گزینوں کے لئے بہتر خدمات پیش کرنے پر پناہ گزینوں کے امور میں اقوام متحدہ کا ہائی کیمشن اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔انھوں نے اس سلسلے میں پناہ گزینوں کے امور میں اقوام متحدہ کے ہائی کیمشن کے کردار کو حمایتی  قرار دیا اور کہا کہ پناہ گزینوں کی امداد میں اصل کردار ایران ادا کر رہا ہے۔الیگزنڈر کشارا نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، پاکستان، افغانستان اور پناہ گزینوں کے امور میں اقوام متحدہ کے ہائی کیمیشن کے درمیان طے پانے والے اسٹریٹیجک سمجھوتے کی بنیاد پر طے پایا ہے کہ پناہ گزینوں کی تعلیم و تربیت، صحت، طبی علاج و معالجے اور معاشی مسائل جیسے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔صوبہ فارس میں پناہ گزینوں کے امور میں اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن کے نمائندہ دفتر کے سربراہ الیگزنڈر کشارا نے پناہ گزینوں اور خاص طور سے افغان پناہ گزینوں کی حمایت کرنے پر اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور عوام کی قدردانی کی۔اسلامی جمہوریہ ایران نے بارہا اعلان کیا ہے کہ وہ افغانستان میں سیکورٹی کی صورت حال کو بہتر بنانے اور اس ملک کی تعمیرنو میں اپنی کسی بھی طرح کی مدد سے گریز نہیں کرے گا۔اس وقت ایران میں بیس لاکھ سے زائد افغان پناہ گزیں رہائش پذیر ہیں اور افغان حکام نے بھی افغانستان کی حکومت اور قوم کی حمایت کرنے پر بارہا اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور قوم کی قدردانی کی ہے۔اقوام متحدہ کے حکام نے بھی بارہا پناہ گزینوں کو پیش کی جانے والی خدمات پر ایران کی قدردانی کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے پناہ گزینوں کے لئے اسکول، مدارس، یونیورسٹیاں، اسپتال اور سرحدوں کو کھول رکھا ہے اور ایران میں پناہ گزین، ایرانیوں کی مانند تمام سہولیات کے حامل ہیں۔