Feb ۱۳, ۲۰۱۸ ۱۷:۵۷ Asia/Tehran
  • دنیا ایران، انقلاب اور اسلامی جمہوری نظام پر اعتماد کرتی ہے، صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ دنیا ایران، انقلاب اور اسلامی جمہوری نظام پر مکمل اعتماد کرتی ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کے روز مختلف وزرا، گورنروں اور اقتصادی و مالی اداروں کے سربراہوں کے ساتھ ایک مشترکہ نشست میں ایٹمی معاہدے کے بارے میں امریکی صدر ٹرمپ کے مقابلے میں پوری دنیا کی استقامت کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران کا نظام اور اس کا مستقبل، مستحکم نہ ہوتا تو دنیا کے ایک سو نوّے ممالک امریکی صدر ٹرمپ کے مقابلے میں استقامت کا مظاہرہ نہ کرتے اور یہ استقامت ایران کے اس نظام، قوم اور حکومت پر پوری دنیا کے اعتماد کی علامت ہے۔صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران کے خلاف دشمنوں کے پروپیگنڈوں کے غیر موثر ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مارچ دو ہزار سترہ سے مارچ دو ہزار اٹھارہ کے دوران ایران کی معاشی ترقی، دنیا کی اوسط ترقی سے زیادہ رہے گی۔ڈاکٹر حسن روحانی نے بائیس بہمن مطابق گیارہ فروری اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی   ریلیوں میں ایرانی عوام کی بھرپور و باوقار شرکت کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام میں اتحاد و یکجہتی، اسلامی انقلاب کی کامیابی کا باعث بنی اور جب تک یہ اتحاد و یکجہتی قائم ہے کوئی  بھی بیرونی طاقت کچھ نہیں کرسکے گی۔صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے تاکید کے ساتھ کہا کہ ایران کا اسلامی انقلاب استقلال و آزادی، قومی اقتدار، اسلامی ثقافت، جمہوریت و اسلامیت کے لئے تھا اور اب اس راستے سے واپسی ممکن نہیں ہے -

ٹیگس