Feb ۱۴, ۲۰۱۸ ۱۱:۲۸ Asia/Tehran
  • ایرانی وزیر خارجہ کی کویت کے وزیرخارجہ اور فیڈریکا موگرینی سے ملاقات

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کویت میں یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی اور کویت کے وزیرخارجہ سے ملاقات اور گفتگو کی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی سے ملاقات اور گفتگو کی اور مختلف موضوعات منجملہ جوہری معاہدے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ اس سے قبل جواد ظریف نے کویت کے وزیر خارجہ سے بھی ملاقات اور گفتگو کی۔

محمد جواد ظریف نے کویتی وزیرخارجہ صباح خالد احمد صباح سے ہونے والی ملاقات میں کہا کہ ایران عراق کی تعمیر نو کے لئے کویت کی  کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے جبکہ ایران بھی عراق کے جنگ زدہ علاقوں کی تعمیر میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

کویتی وزیرخارجہ نے اسلامی جمہوریہ ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے تمام ممالک مل کر دہشت گردی کا مکمل طور پر خاتمہ کرسکتے ہیں اور آپس کے اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔

یاد رہے کہ عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے گزشتہ ماہ داعش کو مکمل شکست دینے کا اعلان کیا تھا تاہم اس شورش کے باعث عراق کے کئی علاقے بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور ایک اندازے کے مطابق عراق کی تعمیر نو کے لئے تقریبا 88 سے 100 بلین ڈالرز امداد کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ کویت میں عراق کے جنگ زدہ علاقوں کی تعمیر نو کے لئے بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

ٹیگس